ڈیرہ اسماعیل خان کی خبریں سید توقیر زیدی سے 13/3/2016

Syed Tauqeer Zaidi

Syed Tauqeer Zaidi

ڈیرہ اسماعیل خان (سید توقیر زیدی) پاکستان نے اس عزم کا اِس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ اگر سعودی سالمیت کو کوئی خطرہ ہوا تو پاکستان اس کے ساتھ کھڑا ہو گا۔وزیراعظم نواز شریف کی کاوشوں سے ایران سعودی عرب کے تعلقات میں بہتری آنے لگی ہے۔ عالمی مبصرین نے ایران سعودی تنازعے کے موقع پر کشیدگی کم کرنے میں میاں نواز شریف کے کردارکو سراہا ہے۔ سعودی عرب میں مسلمانوں کے دو مقدس ترین مقامات واقع ہیں، جن کی حفاظت ہر مسلمان اپنے ایمان کا جزو سمجھتا ہے، ماضی میں بھی جب کبھی ان دونوں مقاماتِ مقدسہ کی حرمت کے منافی کوئی سرگرمی سامنے آئی پاکستان نے ہمیشہ آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کیا اور اِس میں سرخرو ہْوا۔حالیہ چند برسوں میں سعودی عرب کی سرزمین پر دہشت گردی کی جو وارداتیں ہوئی ہیں اور اس کے ہمسائے میں یمن کے جو حالات ہیں اْن کی وجہ سے سعودی عرب کو خطرات لاحق ہوئے ہیں۔ یمن میں غیر ملکی مداخلت کی وجہ سے جو خانہ جنگی شروع ہے اس کے اثرات سعودی عرب کے اندرونی حالات پر مرتب ہوئے، اِسی وجہ سے اس نے یمن کے خلاف فوجی کارروائیاں شروع کیں اور گزشتہ سال اِس سلسلے میں پاکستان سے معاونت طلب کی، لیکن پاکستان کی پوزیشن اِس لحاظ سے بہت نازک تھی کہ اندرونِ مْلک دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری شدت سے جاری ہے، پاک فوج اِس محاذ پر اْلجھی ہوئی ہے۔ مغربی اور مشرقی سرحدوں پر بھی ہمہ وقت مستعد اور چوکس رہنا پڑتا ہے، اِس لئے جب یہ معاملہ پارلیمینٹ کے روبرو آیا تو پارلیمینٹ نے فیصلہ کیا تھا کہ یمن کے بحران میں پاکستان کو مداخلت سے گریز کرنا چاہئے، کیونکہ اِس طرح وہ زیادہ گھمبیر صورت حال میں اْلجھ جائے گا، چنانچہ پاکستان نے یمن فوج نہیں بھیجی تاہم جب بعد میں سعودی قیادت میں34مسلمان ملکوں کا فوجی اتحاد بنا تو پاکستان بھی اس اتحاد کا حصہ بنا دیا گیا ، اب اِسی اتحاد کے21ممالک کی فوجی مشقوں کی اختتامی تقریب ہے۔یہ اتحاد بنیادی طور پر تو دہشت گردی کے خلاف بنایا گیا ہے، کیونکہ سعودی عرب سمیت بہت سے عرب ملکوں کو بھی یہ خطرہ درپیش ہے، چند سال پیشتر تک یہ تمام مْلک اِس خطرے سے مامون تھے، لیکن خطے میں داعش جیسی تنظیموں کے وجود نے جس طرح عراق اور شام کے لئے مسائل پیدا کئے، اِسی طرح قریبی مْلک بھی متاثر ہوئے،اب داعش کے پھیلتے ہوئے خطرے نے بھی نئے فوجی اتحاد کی تشکیل میں کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان نے سعودی عرب اور ایران کے کشیدہ تعلقات کی توسیع کی راہ میں بند باندھنے کی مخلصانہ سعی کی۔ تجزیاتی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی اِن کوششوں ہی کا نتیجہ ہے کہ ایران اور سعودی عرب دونوں ملکوں میں خرابی کی سطح مزید بلند نہیں ہوئی۔عالمی مبصرین نے ایران سعودی تنازع کے موقع پر کشیدگی کم کرنے میں جو کردار میاں نواز شریف کے کردارکو سراہا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف اور جنرل راحیل شریف نے اس سے پہلے بھی اکٹھے پہلے سعودی عرب اور بعد میں ایران کا دورہ کیا تھا ان دوروں کا مقصد دونوں ملکوں کے خراب ہوتے ہوئے تعلقات کومزید بگاڑسے بچانا تھا، جن میں پاکستان کو کامیابی ہوئی اور اب امید ہے جو امور ان دوروں میں طے ہوئے تھے اْن پر عملدرآمد ہو گا اور بہتری کی مزید صورت پیدا ہو گی۔ فوجی اتحاد کی تشکیل کے بعد سعودی وزیر دفاع اور ولی عہد نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ایران چونکہ اِس اتحاد میں شامل نہیں اِس لئے اس تاثر کو دور کرنے کی ضرورت ہے کہ یہ اتحاد ایران کے خلاف کوئی سرگرمی کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، بنیادی طور پر اس اتحاد کا مقصد رْکن ملکوں کو دہشت گردی سے بچانا ہے۔ایرانی صدر حسن روحانی ماہِ رواں کے آخیر میں پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ اْن کا دورہ اس لحاظ سے اہم ہے کہ طویل عرصے کے بعد کوئی ایرانی صدر پاکستان کا دورہ کر رہا ہے، ایران میں پارلیمینٹ اور مجلسِ خبرگان رہبری کے انتخابات میں صدر حسن روحانی کے اصلاح پسند حامیوں اور معتدل مزاج ارکان کو کامیابی حاصل ہوئی ہے یہ اْن کی پالیسیوں پر اظہار اعتماد ہے، اِس لئے وہ نئے اعتماد کے ساتھ دْنیا کے ساتھ ایران کے روابط کو مضبوط بنانے کے لئے آگے بڑھ سکتے ہیں، تجارتی اور اقتصادی پابندیوں کے خاتمے کے بعد ایران نئے سرے سے دْنیا کے ساتھ اپنے تعلقات استوار کر رہا ہے۔ اْمہ کے مفاد کا تقاضا ہے کہ ایران، سعودی عرب کے ساتھ بھی اپنے تعلقات از سر نو قائم کرے جو سعودی عرب میں شیعہ سکالر نمر النمر کو سزائے موت دیئے جانے کے بعد ختم ہو گئے تھے بی این پی کے مطابق اِس سلسلے میں پاکستان نے جو کردار ادا کیا ہے اب امید ہے اس کے مثبت نتائج نکلیں گے۔ اسلام آباد میں مقیم ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے ملاقات میں ایرانی صدر کے دورہ پاکستان پر تبادلہ خیال کیا، خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ اس دورے سے ایران اور پاکستان کے تعلقات مضبوط ہوں گے۔ پاکستان اور ایران کے تعلقات انتہائی قریبی، دوستانہ اور برادرانہ ہیں، دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون موجود ہے۔ انہوں نے ایرانی سفیر کو آگاہ کیا کہ پاکستان خطے میں قیام امن کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کرے گا۔یہ مقام مسرت و اطمینان ہے کہ پاکستان کے سعودی عرب اور ایران دونوں کے ساتھ قریبی برادرانہ اور دوستانہ تعلقات ہیں، اپنی اِسی حیثیت کو کام میں لا کر پاکستان نے ایران اور سعودی عرب کے تعلقات کی بحالی کی کوششیں کی تھیں، وزیراعظم نواز شریف اور جنرل راحیل شریف کے دورہ سعودی عرب کے دوران پاکستان کی اہمیت مزید اْبھر کر سامنے آئی ہے۔ ایرانی صدر کا دورہ بھی خطے میں پاکستان کی اہمیت میں مزید اضافہ کرے گا، اِس لئے امید کرنی چاہئے کہ پاکستان مسلم اْمہ کے مفاد میں اپنی پالیسیاں جاری رکھے گا اور تنازعات کے حل میں اپنا مثبت قائدانہ کردار ادا کرنا رہے گا۔بی این پی کے مطابق ایران سعودی عرب کے تنازع کے موقع پر میاں نوازشریف نے غیر جانبدارانہ رول ادا کیا ہے ۔ جس کے باعث دونوںممالک میں کشیدگی کم ہوئی ہے۔ ایران سعودی عرب کے تعلقات معمول پرلانے کے لیے وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف کے کردار کو زبردست خراج تحسین پیش کر رہے ہیں
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ڈیرہ اسماعیل خان (سیدتوقیرزیدی)گائوں گنڈی عاشق کے قریب گلشن جمیل کالونی کے رہائشی کی قتل شدہ نعش برآمد ،تفصیلات کے مطابق تھانہ درابن کی حدود میں گائون گنڈی عاشق میں پل کے قریب سیف اللہ ولد حبیب اللہ قوم پوندہ سکنہ گلشن جمیل کالونی ڈیال روڈ کی نعش ملی ہے جسکو آتشیں اسلحہ سے قتل کیا گیا وقوعہ کی اطلاع پر درابن پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش کو قبضہ میں لیکر اس کی تفتیش شروع کر دی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ڈیر ہ اسماعیل خان (سیدتوقیرزیدی)علاقہ منگل میں جائیداد کے تنازعہ پر دو مسلحہ افراد نے موٹر سائیکل پر سوار مخالفین پر فائرنگ کرکے ایک کو زخمی کردیا ،فائرنگ سے موٹر سائیکل کو آگ لگ گئی ،مقدمہ درج ۔تفصیلات کے مطابق تھانہ چودھوان کے علاقہ منگل میں جائیداد کے تنازعہ پر زبیر استرانہ ولد نورمحمد اور اسکا چچا زاد بھائی حیات اللہ موٹر سائیکل پر جارہے تھے کہ رمک کھوئی بہارہ روڈ نز د مسجد بلال انکے مخالفین علائو الدین استرانہ اور امام شاہ استرانہ سکنہ منگل نے ان پر فائرنگ کر دی فائرنگ سے زبیر استرانہ زخمی ہو گیا جبکہ فائرنگ کے دوران ان کے موٹرسائیکل کو آگ لگ گئی جس سے وہ جل گئی مخالفین فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے چودھوان پولیس نے اس واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ڈیرہ اسماعیل خان(سیدتوقیرزیدی)ایس ایچ او کینٹ محمد عدنا ن نے اڈہ مائنر اور دین پور چونگی کے قریب دو منشیات فروشوں سے آدھاکلو سے زائد ہیروئین برآمد کرکے گرفتارکر لیا ،قتل و اسلحہ کیس کے اشتہاری ملز م کو گرفتار کر لیا ۔تفصیلات کے مطابق ڈی پی او لیفٹیننٹ کمانڈر (ر)یاسر آفریدی کی ہدایت پر ایس ایچ او کینٹ محمد عدنان نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ اڈہ مائنر کے قریب سہیل عباس ولد لطیف بھٹی سکنہ بستی ڈیوالہ سے دوران تلاشی تین سو پچاس گرام ہیروئین برآمد کرکے گرفتار کر لیا جبکہ دین پور چونگی پر اللہ جان ولد ملک جان بھٹنی سکنہ دین پور سے تین سو ساٹھ گرام ہیروئین برآمد کرکے گرفتار کرلیا پولیس نے دونوں منشیات فروشوں کیخلاف الگ الگ مقدمات درج کر لیے اسی طرح کینٹ پولیس نے اقدام قتل اور اسلحہ کے دو مقدمات میں مطلوب اشتہاری ملزم ندیم ولد غلام یاسین کھوکھر سکنہ بستی دھپا نوالی کو گرفتار کر لیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ڈیر ہ اسماعیل خان (سیدتوقیرزیدی)پاکستان ورکر ز فیڈریشن نے مطالبہ کیا ہے کہ ای او بی آئی کو صوبوں سے واپس لیکر مرکز کے حوالے کیا جائے کیونکہ صوبوں کے وسائل ای او بی آئی کی ضروریات پوری نہیں کرسکتے جس سے صوبہ خیبر پختونخوا کے مزدوروں کو سب سے زیادہ مسائل کا سامنا ہے ان خیالات کا اظہار پاکستان ورکر ز فیڈریشن کے مرکزی کوآرڈینٹر شوکت علی انجم ،صوبائی صدر لوکل گورنمنٹ ایمپلائیز فیڈریشن خیبر پختونخوا ہ حاجی انور کمال خان ،صوبائی صدر محمد ایوب عرف لال بادشاہ نے ای او بی آئی کے حوالے سے منعقدہ آگاہی ورکشاپ میں کیا ،جسمیںٹریڈ یونین کے رہنمائوں اور میڈیا کے نمائندو ں نے بھر پورشرکت کی انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا ہ اسمبلی نے چار دسمبر 2015کو متفقہ طور پر یہ قرار داد منظور کی ہے کہ چونکہ اٹھاریں ترمیم کے بعد ای او بی آئی کے معاملات صوبوں کے حوالے کر دیے گئے ہیں مگر خیبر پختونخواہ کے وسائل ناکافی ہیں اور صوبہ اپنے وسائل سے ای او بی آئی کے تحت مزدوروں کے حقوق ادا کرنے کے قابل نہیں ہے انہوں نے کہا کہ ہمارا صوبہ پہلے ہی دہشت گردی سے بری طرح متاثر ہے ای او بی آئی کے وسائل کی کمی کی وجہ سے صوبہ کے مزدور پنشنرز پنشن سے محروم ہیں اور دیگر حقوق ان کو نہیں مل رہے انہوں نے کہا کہ اسی بنیاد پر صوبائی اسمبلی نے متفقہ قرار داد میں مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ای او بی آئی کو دوبارہ مرکز کے تحت کیا جائے مگر اس قرار داد پر ابھی تک عمل درآمد نہیں کیا جارہا جس سے نہ صرف صوبہ کے اندر موجود بلکہ دیگر صوبو ں میں موجود خیبر پختونخواہ کے مزدوروں کی حق تلفی کی جارہی ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ صوبائی حکومت مرکزی حکومت پر دبائو ڈالے کہ ای او بی آئی کو مرکز کے تحت کرنے کے صوبائی اسمبلی خیبر پختونخواہ کی قرار داد پر فوری عمل درآمد کیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ڈیرہ اسماعیل خان(سیدتوقیرزیدی)مرکزی انجمن تاجران ڈیرہ اسماعیل خان کے صدر راجہ اختر علی نے کہا ہے کہ پیسکو ڈیرہ ہمیں احتجاج پر مجبور نہ کرے اگر قبلہ درست نہ کیا گیا تو آل پارٹیز کانفرنس بلا کر واپڈا ہائو س کے سامنے مطالبات کی منظوری تک دھرنا دینے کا فیصلہ کر لینگے اور شرافت کی زبان نہ سمجھی گئی تو اینٹ سے اینٹ بجا کر ثابت کردینگے کہ اگر سیدھی انگلی سے گھی نہ نکلے توٹیڑھی انگلی سے بھی گھی نکالنا جانتے ہیں انہوں نے کہا کہ پیسکو حکام بتائیں کہ کونسے بازار کے دکاندار بل ادا نہیں کررہے ،چیف ایگزیکٹو پیسکو خیبر پختونخواہ انوار خان یوسفزئی کی ہدایت کے مطابق بھی بجلی کی لوڈ شیڈنگ کم نہیں کیجا رہی بلکہ اسمیں اضافہ کر دیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ چوبیس گھنٹوں میں بمشکل دس بار ہ گھنٹے بجلی کی ترسیل کی جا رہی ہے جبکہ ناجائز جرمانوں ،زائد ریڈنگ اور زائد بلنگ سمیت بھاری بلوں کا سلسلہ جاری ہے انہوں نے کہا کہ پیسکو ہمارے صبر کا امتحان نہ لے اگر پیمانہ لبریز ہوگیا تو کرپٹ افسران اور اہلکاروں کو سڑکوں پر گھسیٹنے سے بھی گریز نہیں کرینگے ،ہماری شرافت اور قانون کی پاسداری کو کمزوری تصور نہ کیا جائے ہمیں شٹر ڈائون و پہیہ جام ہڑتال اور واپڈا کا گھیرائوجلائو کرنے کا طریقہ بھی خوب آتا ہے اگر زیادتیوں کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو دمادم مست قلندر بھی ہو سکتا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ڈیرہ اسماعیل خان (سیدتوقیرزیدی)ڈیرہ میں گیس کے ترقیاتی کام کو اور واپڈا کے کرپٹ افسران و عملے کے تبادلوں کوروک کر بیٹھنے والے ڈیرہ کی عوام کے ساتھ مخلص نہیں، ٹرانسفارمرز کی تنصیب کے بعد فوٹو سیشن کروانے والے سیاسی لوگ عوام کی ہمدردیاں حاصل نہیں کرسکتے اگر اصلاح احوال جلد نہ کیا گیا تو مرکزی انجمن تاجران ڈیرہ جلد ہی احتجاجی کیمپ کا انعقاد کریگی ۔تفصیلات کے مطابق تاجر رہنما سہیل اعظمی نے ایک بیان میں نہایت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیر ہ میں گیس کے ترقیاتی کام کو آئندہ آنے والے قومی و صوبائی اسمبلی کے انتخابات میں ڈھال اور ہتھیار کے طورپر استعمال کرنے کیلئے روک کر رکھا گیا ہے حالانکہ ڈیرہ اسماعیل خان کی عوام اب یہ جان چکی کہ کون ان کے ساتھ مخلص ہے اور کون نہیں سہیل اعظمی نے کہا کہ عرصہ تین سال سے اپنے صوبائی وقومی حلقوں کے ووٹروں سے دور رہنے والے عوامی نمائندگا ن ہرگز مخلص نہیں ہیں الیکشن کی مہم کے دوران ہی وہ ڈیرہ میں نمودار ہوتے ہیں ڈیرہ میں 12سے 18گھنٹے کی لوڈشیڈنگ بھی انہی کی مسلط کردہ پالیسیوں کانتیجہ ہے جس کے خلاف ڈیرہ کی عوام سردیوںمیں تو خاموش رہی لیکن حد درجہ کی گرمی میں یہ ظلم ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا انہوں نے افسوس کرتے ہوئے کہا کہ اپنے منظور نظر علاقوں میں ٹرانسفارمرکی تنصیب کے بعد فوٹو سیشن کروانے والے لوگ نہ تو مخلص ہیں اور نہ ہی وہ عوا م کی ہمدردی حاصل کرسکتے ہیں انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر صوبائی اراکین اسمبلی کی جانب سے ڈیر ہ میں ٹرانسفارمرز اور بجلی کے محکمہ کے ترقیا تی کاموں میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں اور انہیں غیر قانونی قرار دیتے ہیں حا لانکہ ترقیاتی کام کوئی بھی کروائے اسے سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر برداشت کرنا چاہیے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ڈیرہ اسماعیل خان(سیدتوقیرزیدی)گومل یونیورسٹی شعبہ اردو کے سربراہ ڈاکٹر وسیم اکبرشیخ نے کہا ہے کہ شعبہ کے زیر اہتمام ایک روزہ سیمینار بعنوان ”قومی اداروں میں اردو کا نفاذ”مورخہ 15مارچ بروز منگل بمقام سیمینار ہال IERسٹی کیمپس (فیکلٹی )صبح 9.30بجے منعقد کیا جا رہا ہے سیمینار کی صدارت وائس چانسلر گومل یونیورسٹی ڈاکٹر عمر علی کریں گے ۔دیگر مقررین میں ڈاکٹر اشر ف کمال ،پروفیسر غلام ربانی انور،پروفیسر محمد علی شاہ ،ثناء اللہ شمیم اور اور آفاق کے ریجنل ہیڈ محمد آفاق خان ہیں ،انہوں نے کہا کہ ضلع بھر کے سرکاری ادارو ں کودعوت نامے جاری کر دیے گئے ہیں تاکہ وہ سیمینار میں شرکت کریں اور اپنے اپنے اداروں میں سپریم کورٹ کی روشنی میں اردو کا نفاذ یقینی بنائیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ڈیرہ اسماعیل خان(سیدتوقیرزیدی)ڈائریکٹراینٹی کرپشن خیبرپختونخواہ نوابزادہ ضیاء اللہ خان طورونے کہاہے کہ محکمہ اینٹی کرپشن ڈراورخوف کاماحول پیدانہیںکرناچاہتا۔اصلاح وبہتری کی فضاء پیداکررہے ہیں۔کرپشن ایک لعنت ہے جوہمارے معاشرے میںکینسرکی طرح پھیل رہی ہے۔کرپشن کیخلاف عوام اٹھ کھڑے ہوں۔اٹھارہ ماہ کے دوران خیبرپختونخواہ میںکرپٹ افسران سے ایک ارب ساٹھ کروڑروپے کی ریکوری کی۔ساڑھے گیارہ سوکرپٹ اہلکاروںکوگرفتارکیا۔ان خیالات کااظہارانہوںنے ڈیرہ اسماعیل خان کے سرکٹ ہائوس میںضلع بھرکے سرکاری اداروںکے سربراہان’منتخب عوامی نمائندوں’وکلاء اورمیڈیاکے نمائندوںسے کیا۔اس موقع پر ضلع ناظم نوابزادہ عزیزاللہ خان علیزئی’اسسٹنٹ ڈائریکٹرمحکمہ اینٹی کرپشن ڈیرہ عبدالحئی بابراورسرکل آفیسرسلیم طارق موجودتھے۔نوابزادہ ضیاء اللہ خان طورونے کہاکہ خیبرپختونخواہ حکومت نے محکمہ اینٹی کرپشن خیبرپختونخواہ کومزیدفعال بنانے کیلئے 254نئی آسامیوںکی منظوری دیدی ہے۔اسی طرح بیس نئی گاڑیاںبھی عنقریب حکومت کی طرف سے اینٹی کرپشن کومل جائینگی۔انہوںنے کہاکہ احتساب کمیشن بڑے بڑے کرپشن کے کیسز کیلئے ہے جبکہ محکمہ اینٹی کرپشن صوبہ بھرمیںچھوٹی سطح کے کرپشن کے کیسز پرہاتھ ڈالتاہے۔ابتک صوبہ بھرمیں3500کرپشن کے کیسز کے سلسلے میںانکوائریاںجاری ہیں۔عوام کرپشن کیخلاف اٹھ کھڑی ہو۔محکمہ اینٹی کرپشن’احتساب کمیشن اورنیب اپنے اپنے قانونی دائرہ کارمیںرہتے ہوئے کام کررہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ محکمہ اینٹی کرپشن نے پولیس’ریونیو’تعلیم’صحت’سی اینڈڈبلیوسمیت تمام سرکاری اداروںکے کرپٹ اہلکاروںپرہاتھ ڈالاہے۔سرکاری اداروںمیںچندکالی بھیڑیںموجودہیں۔ان کالی بھیڑوںکواداروں سے نکالینگے۔کسی کے پریشرمیںنہیںآئینگے۔ہم نے اپناکام کرناہے۔سسٹم کوٹھیک کرکے کرپشن ختم کرنی ہے۔مل جل کرکرپشن کیخلاف جنگ لڑنی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ڈیرہ اسماعیل خان(سیدتوقیرزیدی)ضلع ناظم ڈیرہ نوابزادہ عزیزاللہ خان علیزئی نے کہاہے کہ ضلعی حکومت کھیلوںکے فروغ کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھارہی ہے۔صحت مندمعاشرے کیلئے کھیل انتہائی ضروری ہیں۔ان خیالات کااظہارانہوںنے رتہ کلاچی سٹیڈیم میںضلعی حکومت کی طرف سے ضلع بھر کے 174ویلج کونسل ناظمین میںکھیلوںکاسامان تقسیم کرنے کی تقریب میںمہمان خصوصی کی حیثیت میںکیا۔اس موقع پر ڈی ایس اوڈیرہ امیرزاہدشاہ بھی موجودتھے۔تقریب میں ضلع ناظم نوابزادہ عزیزاللہ خان علیزئی نے کرکٹ’ہاکی’فٹبال اوربیڈمنٹن کاسامان ویلج کونسل ناظمین میںتقسیم کیا۔ضلع ناظم ڈیرہ نے کہاکہ منشیات اوردیگرجرائم کاخاتمہ کھیلوںکے فروغ سے ہی ممکن ہے۔جس علاقے کے کھیل کے میدان آبادہوتے ہیںوہاںجرائم اورمنشیات فروشی نہیںہوتی۔ضلعی حکومت کھیلوںکے فروغ کیلئے تمام اقدامات اٹھارہی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ڈیرہ اسماعیل خان(سیدتوقیرزیدی)کلاچی پولیس نے علاقہ ٹکواڑہ میںبدنام زمانہ منشیات فروش اخترزمان عرف اختری سے پانچ کلوکے قریب چرس برآمدکرلی۔مقدمہ درج۔تفصیلات کے مطابق کلاچی پولیس کی بھاری نفری نے علاقہ ٹکواڑہ میںمنشیات فروش اخترزمان عرف اختری ولدنعمت اللہ کے گھرکے قریب سے اسکی تلاشی کے دوران 120گرام چرس برآمدکرلی۔جب ملزم سے تفتیش کی جارہی تھی تواس نے بتایاکہ چرس کی بھاری مقداراسکے گھرکی اراضی میںچھپائی گئی ہے جس پر پولیس نے گھرمیںموجوداراضی کی کھدائی کے دوران رکھی گئی 4500گرام چرس مزیدبرآمدکرلی۔پولیس نے ملزم کیخلاف 9CNSA-Cکے تحت مقدمہ درج کرلیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ڈیرہ اسماعیل خان(سیدتوقیرزیدی)کینٹ پولیس نے سابق ممبرقومی اسمبلی سردارعمرفاروق خان میانخیل کی مدعیت میںدوکروڑروپے کے جعلی چیک کامقدمہ سی آربی سی چوک کے رہائشی جاویدمروت کیخلاف درج کرلیا۔تفصیلات کے مطابق تھانہ کینٹ میںسابق ممبرقومی اسمبلی سردارعمرفاروق خان میانخیل نے 489F-PPCکے تحت رپورٹ درج کرائی ہے کہ سی آربی سی چوک کے رہائشی جاویدمروت ولدہاشم نے اس کوبابت واپسی قرض دوکروڑروپے کاجعلی چیک دیاجوکیش نہیں ہوسکا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ڈیرہ اسماعیل خان( سیدتوقیرزیدی)کیپٹل سٹی پولیس چیف پشاور کیلئے خریدی گئی 3500سی سی لینڈ کروزر وزیر اعلیٰ خیبر پختوانخواہ کے خاندان کے زیر استعمال ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب نے ٹوکن ٹیکس ڈیفالٹر اور نان رجسٹرڈ گاڑیوں کیخلاف جاری کریک ڈائون کے دوران 23فروری کو ڈیفنس میں جعلی نمبرپلیٹ والی لینڈ کروزر گاڑی کو روکا تھا ۔ گاڑی میں سوار شخص نے اپنا تعارف وزیر اعلیٰ خیبر پختوانخواہ کے صاحبزادے کے طو رپرکرایاتھا تاہم محکمہ ایکسائز نے گاڑی کو اپنے قبضے میں لے کر وزیر اعلیٰ کے صاحبزادے کو دوسری گاڑی سے گھر روانہ کیا تھا۔ بعد ازاں محکمہ ایکسائز کو بتایا گیاکہ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر گاڑی پر جعلی نمبر پلیٹ لگائی تھی اور خیبر پختوانخواہ حکومت کی طرف سے گاڑی کی رجسٹریشن کے کاغذات بھجوائے جانے کے بعد گاڑی واپس کر دی گئی تھی ۔ تاہم ذرائع نے بتایا ہے کہ مذکورہ 3500سی سی لینڈ کروزر 2008ء میں سی سی پی او پشاور آفس کیلئے خریدی گئی تھی اور محکمہ ایکسائز پشاور نے بھی اس کی تصدیق کی ہے کہ گاڑی سی سی پی او آفس کے نام پرہی رجسٹرڈ ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ڈیرہ اسماعیل خان(سیدتوقیرزیدی) جنوبی وزیرستان کی پولیٹیکل انتظامیہ نے لاپتہ ہونے والے فاٹا ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے پانچ ملازمین اور چار محافظوں کو تلاش کرنے کیلئے سلیمان خیل قبیلے کے عمائدین کو دو دن کی مہلت دیدی۔حکام کے مطابق، نائب پولیٹیکل ایجنٹ سعد قیصرانی نے قبیلے کے عمائدین سے ملاقات کرتے ہوئے ان پر زور دیا کہ نو لاپتہ افراد کو (آج)اتوار تک پیش کر دیا جائے بصورت دیگر پورے قبیلے کے خلاف ایف سی آر کے اجتماعی ذمہ داری قانون کے تحت سخت کارروائی کی جائیگی۔ایف سی آر کے تحت کسی بھی قبیلے کی پوری جائیداد ضبط کرنے کے ساتھ ساتھ مراعات معطل کی جا سکتی ہیں۔اس کے علاوہ قبائلیوں کو لاپتہ افرا د کی رہائی تک زیر حراست بھی رکھا جا سکتا ہے۔