ترقی کے لیے اسلامی قوانین کا نفاذ وقت کا اہم تقاضا ہے، پروفیسر نوید اقبال

Professor Naveed Iqbal, Speech

Professor Naveed Iqbal, Speech

گوجرانوالہ : بزرگان دین نے اسلام کی تبلیغ و اشاعت میں کارہائے نمایاں سر انجام دئے ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، پاکستان اولیاء اللہ کا فیضان ہے اور اسکی استحکام و ترقی کے لیے اسلامی قوانین کا نفاذ وقت کا اہم تقاضا ہے، آج ہر شخص پریشان حال ہے، نفسا نفسی کا عالم ہے ، اسکی یہی وجہ ہے کہ آج کا مسلمان در مصطفٰے ۖ اور بزرگان دین کی تعلیمات سے منہ موڑ چکا ہے۔

ان خیالات کا اظہار علامہ پروفیسر نوید اقبال مجددی نے درگاہ حضرت ابو البیان ،ماڈل ٹائون میں منعقد حضرت ابو البیان پیر محمد سعید احمد مجددی کے سالانہ ختم پاک کی روح پرور محفل سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، ان کا کہنا تھا کہ آج بھی اگر عالم اسلام اپنے اسلاف کے نقش قدم پر چلے تو دنیا کی کوئی طاقت انہیں زیر نہیں کر سکتی ، ختم پاک کی محفل سے مولانا ابو طاہر عبدالعزیز چشتی، سینئر قانون دان محمد اکرم چوہان ایڈووکیٹ ، علامہ تنویر حسین فاروقی ، خالد حسن مجددی ، سعید احمد صدیقی ، محمد آصف اویسی ، اکبر نقشبندی ہریکوٹی، قاری اعظم چشتی ، قاضی محمد عظیم مجددی، مولانا جمال الدین قادری ، علامہ انور سعید مجددی ، علامہ اشفاق احمد مجددی ، علامہ رمضان مجددی ، علامہ شہزاد مجددی ،، قاری یٰسین حبیب مجددی لاہور و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

مقررین کا کہنا تھا کہ ابو البیان پیر محمد سعید احمد مجددی ایک عظیم صوفی بزرگ تھے جنہوں نے اپنے کردار، اقوال اور عشق رسول سے لاکھوں تاریک دلوں کو روشن کیا ، حضرت ابو البیان نے نا صرف بھٹکے ہوئے لوگوں کو راہ دکھائی بلکہ نوجوان نسل کو بھی عشق مصطفیٰ ۖ سے آشنا کیا ، مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ آج امت مسلمہ کی تباہی کا باعث مغربی افکار و بے حیائی ہے جس سے نجات کا واحد راستہ نفس کی غلامی کو چھوڑ کر نبی کریم ۖ کی غلامی کو اپناناہے اور اسی سے ہمارا زوال عروج میں بدل سکتا ہے ، محفل کے اختتام پر معروف عالم دین سید خورشید حسین شاہ نے وطن عزیز کی سلامتی اور امت مسلمہ کے بقاء کے لیے خصوصی دعا کی۔