اختلافات کی باتیں بے بنیاد، پارٹی کی باگ دوڑ سنبھالنا خاندان کا فیصلہ تھا: مریم نواز

Maryam Nawaz

Maryam Nawaz

اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے امریکی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا خاندان اور پارٹی میں اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں۔

انہوں نے کہا شہباز شریف سب سے قابل ہیں اور وہ میرے ہیرو ہیں۔ مریم نواز نے کہا مجھے چچا اپنی زندگی سے زیادہ عزیز ہیں، وہ سب سے زیادہ اہلیت کے حامل ہیں۔

نیویارک ٹائمز سے گفتگو میں مریم نواز کا کہنا تھا جیلیں، نااہلی، نظربندیوں، عدالتی کارروائیوں سے لیکر سب کھ ہمارے خلاف ہو چکا ہے، مستقبل کا پتہ نہیں لیکن سچائی ثابت کرنے کے لیے عوام کے سامنے جائیں گے۔

ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ مستقبل میں خود کو وزیراعظم کے طور پر دیکھتی ہیں، جس کے جواب میں مریم نواز نے کہا یہ خاندان کا فیصلہ تھا کہ میں پارٹی کی باگ دوڑ سنبھالوں، قریبی لوگوں نے بتایا میرا سیاست میں یقینی کردار ہے۔

مریم نواز نے کہا میرے دادا نے سب سے پہلے میری سیاسی قابلیت کو سمجھا، ان سالوں کے دوران میرے والد نے بھی میری صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا ستمبر کے ضمنی انتخابات نے ثابت کر دیا کہ لوگ ہمارے ساتھ کھڑے ہیں اور وہ چاہتے ہیں مسلم لیگ ن آئندہ بھی حکومت سنبھالے۔ مریم نواز نے کہا مقدمات سیاسی بنیادوں پر بنائے گئے جو سیاسی دباؤ کے سوا کچھ نہیں۔