غیر فعال الیکشن کمیشن، کیپٹن (ر) کیخلاف اثاثے چھپانے کے کیس کی سماعت نہ ہو سکی

Captain (retd) Safdar

Captain (retd) Safdar

اسلام آباد (جیوڈیسک) غیر فعال الیکشن کمیشن کے باعث وزیر اعظم کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف اثاثہ جات چھپانے کے معاملے کی سماعت نہ ہو سکی، الیکشن کمیشن کے چاروں ارکان کی تعیناتی تک کسی کیس کی سماعت نہیں ہو گی۔

الیکشن کمیشن میں مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست کی سماعت آج ہونا تھی تاہم الیکشن کمیشن کے چاروں ارکان کی ریٹائرمنٹ کے باعث کیس کی سماعت بغیر کارروائی کے غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی گئی۔

ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سردار رضا نے فیصلہ کیا ہے کہ الیکشن کمیشن کےچاروں ارکان کی تعیناتی تک کسی کیس کی سماعت نہیں ہوگی۔ قواعد کےمطابق چاروں صوبوں کے ایک ایک رکن کی تعیناتی 45 روزمیں ہونی ہے۔ تحریک انصاف نے وزیراعظم کےداماد اوررکن قومی اسمبلی کیپٹن صفدرکےخلاف اثاثہ جات چھپانے پرالیکشن کمیشن میں درخواست دائر کر رکھی ہے۔