نااہلی کا فیصلہ عوام اپنی طاقت سے ختم کر دیں، نواز شریف

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

پشاور (جیوڈیسک) مسلم لیگ نون کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ نون میاں نواز شریف نے کہا کہ آج پشاور نے نئی تاریخ رقم کر دی ہے، آج پشاور والوں نے بتا دیا کہ نواز شریف کیخلاف فیصلہ منظور نہیں۔

سابق وزیر اعظم بولے، لاڈلے! دیکھ لو! پشاور کے عوام نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، عمران خان! خیبر پختونخوا کی عوام کے لئے کیا کیا؟ عمران خان بتاؤ کہاں ہے بجلی؟ عمران خان نے ایک میگاواٹ بجلی نہیں بنائی۔ نواز شریف نے یہ بھی کہا کہ آج پشاور میں میٹرو بن رہی ہے، 4 سال سے کہاں تھے؟ انہوعں نے چیئرمین پی ٹی آئی کو مخاطب کرکے کہا، عمران! پشاور کے لوگوں کو کیوں دھوکہ دے رہے ہو؟ نواز شریف تمہاری طرح نہیں، جو وعدہ کرتا ہے پورا کرتا ہے، عمران جا رہا ہے، مسلم لیگ نون آ رہی ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ جانوں کا نذرانہ دینے والے فوجی جوان قوم کے ہیرو ہیں، ہماری حکومت نہ ہٹائی جاتی تو نوجوانوں کو روزگار مل چکا ہوتا، گھبرانا نہیں، ہم کشتیاں جلا کر میدان میں اترے ہیں۔ انہوں نے عوام سے سوال کیا کہ کیا عدل کو قائم کرنے کیلئے نواز شریف کا ساتھ دو گے؟ ہر شہری کے پاس اپنا گھر ہونا چاہئے، کیا اس کام کیلئے میرا ساتھ دو گے؟

سابق وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ جو بھی وعدہ کرتا ہوں، اسے پورا کرتا ہوں لیکن صبح شام جھوٹ بولنے والا صادق اور امین بن گیا، صادق اور امین کے کرتوت ایسے نہیں ہوتے، اسے صادق اور امین بنانے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔

نواز شریف نے کہا کہ اگر ہمیں آئندہ حکومت ملی تو ہم تمام غریبوں کو ہیلتھ کارڈ جاری کریں گے، کے پی حکومت کو غریبوں کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں، کہاں ہے نیا پاکستان؟ خیبر پختونخوا میں فرانزک لیبارٹری نہیں ہے، اگر یہاں فرانزک لیبارٹری ہوتی تو اسماء کا قاتل پکڑا جاتا، اب ان سے دھوکہ نہ کھانا، ہم اقتدار میں آ کر مسائل حل کریں گے۔