ضلعی انتظامیہ کا بھمبر روڈ پر تجاوزات کے خلاف بلاتفریق آپریشن کے آغاز کا فیصلہ

Extension Operation

Extension Operation

گجرات : ضلعی انتظامیہ نے ائیر پورٹ چوک تا کوٹلہ ارب علی خان تک بھمبر روڈ پر تجاوزات کے خلاف آج سے بلا تفریق آپریشن کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے اس مقصد کے لئے ہیو ی مشینری کا انتظام کر لیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ اعلی سطحی اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کی جبکہ اجلاس میں ایڈمنسٹریٹر ٹی ایم اے عرفان علی کاٹھیا، چیرمین بیوٹی فیکشن کمیٹی حاجی اورنگزیب بٹ، ڈی او روڈز محمد اشرف، محمد نواز، ڈی او فارسٹ رضا انور شیخ، ٹی ایم اوز خرم محمود اور ملک شفقت نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آپریشن کے لئے بھمبر روڈ ائیرپورٹ چوک تا بھلیسر موڑ تک تجاوزات کے خلاف آپریشن ٹی ایم اے گجرات، پراونشل روڈز ڈیپارٹمنٹ اور بیوٹیفیکشن اینڈ ڈویلمپنٹ کمیٹی کی نگرانی میںہوگا اس دورا ن سٹرک سے تمام تجاوزات کا بلا تفریق خاتمہ کرنے کے ساتھ سٹرک کے برم سیوریج نالے کے برابر کر دیے جائیں گے تاکہ سیوریج او ر بارش کا پانی سٹرک کو نقصان نہ پہنچائے۔

دولت نگر تک تجاوزات کا خاتمہ ڈی او ڈسٹرکٹ روڈز کی ذمہ داری ہوگی جبکہ دولت نگر میں تجاوزات کا خاتمہ، سیوریج نالے کی صفائی ٹی ایم اے کھاریاںکی ذمہ داری ہوگی بعد ازاں ٹی ایم اے کھاریاں کوٹلہ ارب علی خان میں بھی تجاوزات کا خاتمہ اور سٹرک کے اونچے برم سیوریج نالے کے برابر کرے گی۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے ریونیو افسران کو ہدایت کی کہ آپریشن کلین اپ کے دروان متعلقہ محکموںکی معاونت کریں نیز پولیس سکیورٹی موقع پر موجود رہے۔

انہوںنے ایڈمنسٹریٹر ٹی ایم اے عرفان علی کاٹھیا، اے سی میاںاقبال مظہر کوہدایت کی کہ وہ خود بھی موقع پر موجود رہیں نیز اگر کوئی مزاحمت کرے یا کار سرکار میںمداخلت کرے تو اسکے خلاف مقدمات درج کر ادیے جائیں۔ واضع رہے کہ ائیر پورٹ چوک تک تجاوزات کا پہلے ہی خاتمہ کیا جا چکا ہے۔