ضلع کا چیئرمین اس مرتبہ تحصیل جھنگ سے جبکہ میونسپل کمیٹی جھنگ کا چیئرمین نواز اکرم ہو گا

Jhang

Jhang

جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) مسلم لیگ ن کے رہنما سابق وفاقی وزیر تعلیم شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ ضلع کا چیئرمین اس مرتبہ تحصیل جھنگ سے جبکہ میونسپل کمیٹی جھنگ کا چیئرمین نواز اکرم ہو گا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ پر نومنتخب بلدیاتی کونسلروں اور یونین کونسل کے چیئرمینوں کے اعزاز میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں بلدیہ جھنگ کے 22کونسلر جبکہ 8 یونین کونسلوں کے چیئرمین و وائس چیئرمینوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر شیخ وقاص اکرم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میاں شہباز شریف وعدہ کے پکے سچے اور کھرے انسان ہیں کیونکہ انہوں نے شیخ نواز اکرم کی بلدیہ جھنگ کی چیئرمین شپ کا جووعدہ کیا تھا وہ آج بھی اپنے وعدے پر قائم ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت ہمارے گروپ کے 22نومنتخب کونسلر اس جگہ پر موجود ہیں جبکہ کالعدم تنظیم کے حمایت یافتہ 13ارکان کے ساتھ ساتھ باقی سب آزاد ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آزاد سب کیلئے آزاد ہیں جبکہ پارٹی ٹکٹ پر کامیاب ہونے والے پارٹی ڈسپلن کے پابند ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع کی چیئرمین شپ کیلئے ہماری حمایت سے کامیاب ہونے والے 8چیئرمین یونین کونسل و دیگر کو اکٹھا کرکے میاں شہبا زشریف کی جھولی میں ڈال دیں گے پھر جو فیصلہ وہ کریں گے وہ سب کو ہی منظور ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شورکوٹ اور احمدپورسیال والے ہمارے بھائی پہلے چیئرمین ضلع کونسل رہ چکے ہیں اور امید ہے کہ وہ اب جھنگ جو کہ بڑے بھائی کا درجہ رکھتا ہے سے تعاون کریں گے ۔بلدیہ جھنگ کی چیئرمین شپ کے حوالہ سے انہوں نے پھر اپنے گروپ کو یقین دلایا کہ (ٹائم جدوں آئے گا لگ پتہ جائے گا) کیونکہ ابھی دو ماہ کا عرصہ مزید درکار ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم سارا کچھ ایک ہی وقت میں ظاہر نہیں کرتے کچھ رازداریاں اور پردے داریاں بھی سیاسی گیم کا حصہ ہے تاہم پر امید ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یاد رہے کہ بلدیہ جھنگ میں شیخ وقاص اکرم گروپ کے مقابلہ میں کالعدم تنظیم، پی ٹی آئی ، عوامی تحریک، جماعت اسلامی سمیت تمام دھڑے یکجا تھے مگر ہم اللہ کے فضل وکرم سے کامیاب ہوئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دیہی حلقوں میں بھی کالعدم تنظیم ان کی مخالفت میں ناکام رہی اور کوئی امیدوار بھی کامیاب نہ کرا سکی۔