ضلع کی ترقی کیلئے امن و امان ضروری ہے : فیسر نادر چٹھہ

Nader Chatha

Nader Chatha

جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر نادر چٹھہ نے کہا ہے کہ ضلع کی ترقی کیلئے امن و امان ضروری ہے لہذا تمام مسالک کے علمائے کرام مذہبی روا داری کا ثبوت دیتے ہوئے شہدائے کربلا کی لازوال قربانیوں کو اچھے انداز میں خراج عقیدت پیش کریں۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ہمایوں مسعود سندھو نے کہاہے کہ محرم الحرام کے دوران نکالے جانے والے جلوسوں و مجالس کے منتظمین اور ان میں شامل عزا داروں و دیگر لوگوں کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا گیا ہے جس پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائیگا ۔یہ بات انہوں نے اپنے آفس میں ضلعی امن کمیٹی کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پرپاک آرمی سے کرنل سعید ابرار، اے ڈی سی بار رحمن،رکن قومی و صوبائی اسمبلی شیخ محمد اکرم اور راشدہ یعقوب شیخ،ڈی ای او ریسکیو1122ڈاکٹر طارق سعید،ٹی ایم او ز،انجمن تاجران،ممبران امن کمیٹی،اہل تشیع و اہل سنت علمائے کرام،عمائدین شہر،سیاسی و سماجی شخصیات اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ڈی پی او ہمایوں مسعود سندھو نے کہا کہ محرم الحرام کے مقدس ماہ کے تقد س کو برقرار رکھنا ہر مسلمان کو اخلاقی و دینی فرض ہے محرم کے دوران تمام مکاتب فکرروایتی اور لائسنس یافتہ جلوس و مجالس و دیگر مذہبی رسومات کی اجازت ہوگی۔

انہوںنے کہا کہ مجالس و دیگر پروگرام کھلے مقام کی بجائے چار دیواری کے اندر کروائے جائیںلائوڈ سپیکر کے ناجائز استعمال سے اجتناب کیا جائے حکومتی پالیسی اور قواعدو ضوابط کے تحت محدود پیمانے پر لائوڈ سپیکر کا استعمال کیا جائے ۔ تمام مکاتب فکر کے علماء ، ذاکرین ایک دوسرے کے خلاف قابل اعتراض شر انگیزی اور تنقیدی مواد شائع کرنے و تقاریر میں فرقہ وارانہ متنازع مسائل بیان کرنے سے گریز کریں۔ انہوںنے مزید کہا کہ مجالس اور جلوسوں کے نزدیک سائیکل ،موٹر سائیکل و دیگر اقسام کی گاڑیوں کو ہر گز کھڑا نہ ہونے دیں۔وال چاکنگ اور ایسے نعرے لگانے سے اجتناب کیا جائے جس سے کسی فرقہ یا گروہ کی آزاری ہو ۔مجالس و جلوسوں اور دیگر مذہبی رسومات کے منتظمین وقت اور روٹ کی مکمل پاسداری کریں۔انہوںنے کہا کہ ہر شہری کی باالعموم اور جلوس و مجالس کی منتظمین کی باالخصوص ذمہ داری ہوگی کہ غلط افواہوں کو ہوا دینے سے گریز کیا جائے اگر کسی قسم کی کوئی افوا ملے تو انتظامیہ کے اراکین یا اپنے مکتب فکر کے قائدین کو مطلع کریں۔

ڈی سی او نادر چٹھہ نے کہا کہ ضلع میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے کسی قسم کی کسر اٹھا نہ رکھی جائیگی ہر فرقہ کے لوگوں کو شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے آپس میں بھائی چارہ، یگانگت اور اتفاق و اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔انہوںنے ٹی ایم اوز پر زور دیا کہ مجالس اور جلوسوں کے رستوں کو صاف ستھرا رکھنے کے علاوہ شہر میں سیوریج کا نظام ہمہ وقت چالو رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔اجلاس میں کرنل سعید ابرارنے کہا کہ ایک دوسرے کا احترام اور عزت ہی امن و عامہ کی بنیاد ہے لہٰذا ہر شخص اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے شرپسند عناصر کی نشاندہی کرے کیونکہ اس موقع پر کوئی بھی بھیس بدل کر تخریب کاری کر سکتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ تمام مسالک کے علمائے کرام کے بھرپور تعاون سے ہی شرپسندی کا خاتمہ ممکن ہے۔بعدا زاں انجمن تاجران،ممبران امن کمیٹی،اہل تشیع و اہل سنت علمائے کرام نے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔