پری کوارٹر فائنل مقابلے میں نواب الیون کو پنالٹی ککس اور بغداد اسپورٹس کو1- 0 سے شکست

Bank Alflah District South Football Tournament

Bank Alflah District South Football Tournament

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن سائوتھ کے زیر اہتمام بنک الفلاح کے تعاون سے ککری گرائونڈ لیاری پر جاری بنک الفلاح ڈسٹرکٹ سائوتھ فٹ بال چمپئن شپ میں پری کواٹر فائنل کے 2مقابلوں کے فیصلے ہوگئے۔کھیلے گئے پہلے پری کوارٹر فائنل مقابلے میں لیاری کی معروف ٹیم لیاری برادرز نے ایک کانٹے دار مقابلے کے بعد ٹورنامنٹ کی ہارٹ فیورٹ ٹیم نواب الیون کو پنالٹی ککس پر 5-4سے شکست دیکر کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرلی ۔

دوسرے پری کوارٹر فائنل مقابلے میں لعل بخش میموریل نے اپنے عمدہ کھیل کی بدولت دلچسپ مقابلے کے بعد بغداد اسپورٹس کو 1-0سے مات دیکر کوارٹر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا ۔کھیل کے دوران تیسرے منٹ میں لعل بخش میموریل کی جانب سے ان کے انٹر نیشنل کھلاڑی نصیر بلوچ نے نہایت عمدہ اور فیصلہ کن گول کرکے اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ۔کھیلے گئے میچوں میں ریفریز کے فرائض جاوید حبیب اور عامر نے انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر اللہ بخش بلوچ اور میڈیا کوارڈینٹر شیر افضل تھے ۔