ضلع میں 3 جون سے سستے رمضان بازار فنکشنل کر دیئے جائینگے، ڈی سی او محمد شاہد

DCO Muhammad Shahid Meeting

DCO Muhammad Shahid Meeting

قصور (محمد عمران سلفی سے) ڈی سی او قصور محمد شاہد کے زیر صدارت رمضان المبارک کے حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے اجلاس گزشتہ روز ڈی سی او کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔

جس میں ایس پی انویسٹی گیشن بقاء محمد بگٹی ،اسسٹنٹ کمشنر قصور محمد شاہ رخ نیازی ، اے سی چونیاں شیخ سلیم خالد ، اے سی پتوکی محمد نواز گوندل ، اے سی کوٹ رادھاکشن سرمد تیمور ،فوکل پرسن رمضان بازار و ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریزمظفر حسین انصاری ، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ماجد علی خان ، ٹی ایم او قصور رائے محمد منشاء ،تحصیلدار قصور غضنفر نوید ہیلتھ ، ایگری کلچر ، سیکرٹریز مارکیٹ کمیٹی، ٹی ایم او چونیاں ، پتوکی ، کوٹ رادھاکشن ، سول ڈیفنس اور دیگرمتعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈی سی او محمد شاہد نے متعلقہ افسران کو حکم دیا کہ رمضان المبارک کے حوالے سے تمام انتظامات کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اور ضلع میں 3جون 2016ء سے باقاعدہ سستے رمضان بازار فنکشنل کر دیئے جائینگے ۔ ضلع بھر میں کل 12سستے رمضان بازار لگائے جائینگے جن میں 5تحصیل قصور ، 3پتوکی ،3چونیاں اور ایک تحصیل کوٹ رادھاکشن میں جبکہ 56فیئر پرائس شاپس قائم کی جائینگی جہاں پر حکومت کی طرف سے سبسڈائز اشیاء خوردونوش دستیاب ہونگی۔

اس کے علاوہ ضلع بھر میں 57مدنی دستر خوان لگائے جائینگے جہاں پر مستحق اور غریبوں افراد کیلئے فی سبیل اللہ افطاری کا اہتمام کیا جائیگا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ رمضان بازاروں میں بجلی ، صفائی ستھرائی ، لوگوں کے بیٹھنے کیلئے کرسیاں ، پنکھے ، بہترین ٹینٹ اور دیگر انتظامات کو مکمل کریں۔

اسسٹنٹ کمشنر ز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی تحصیلوں میں رمضان بازاروں کے حوالے سے متعلقہ افسران سے میٹنگز کریں اور رپورٹ دیں ۔پولیس افسران کو ہدایت کی کہ موجودہ حالات کے پیش نظر رمضان بازاروں میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں جس کیلئے سیکورٹی پلان ترتیب دیا جائے۔

ڈی سی او محمد شاہد نے مزید کہا کہ رمضان المبارک میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائیگا جس کیلئے ضلعی انتظامیہ تمام وسائل بروئے کار لانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی۔