ڈوپ ٹیسٹ: سری لنکن کرکٹر کوسل پریرا پر 4 سال کی پابندی

Pereira

Pereira

کولمبو (جیوڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ڈوپ ٹیسٹ میں ناکامی پر سری لنکن وکٹ کیپر بیٹسمین کوسل پریرا پر 4 برس کی پابندی عائد کر دی۔

پریرا ڈوپنگ کیس میں پابندی کی سزا کا سامنا کرنے والے دوسرے سری لنکن پلیئر ہیں، اس سے قبل 2011ءمیں منعقدہ ورلڈ کپ کے دوران ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر اپل تھرنگا پر بھی 3 ماہ کی پابندی عائد کی گئی تھی۔

پریرا کے یورین سیمپل کا ٹیسٹ ہوا تھا جس میں غیرممنوعہ ادویات کا مرکب پایا گیا ہے اور رواں ماہ کے شروع میں ان کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس پر انہوں نے دورہ نیوزی لینڈ سے دستبرداری اختیار کی تھی۔

آئی سی سی نے جمعہ کو ڈوپ ٹیسٹ میں ناکامی پر پریرا پر چار برس کی پابندی عائد کر دی ہے جو کہ آئندہ برس شیڈول آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے قبل سری لنکن کیلئے ایک بڑا دھچکا ہے۔