ڈاکٹرعاصم کے دور میں سوئی سدرن میں ڈھائی ہزار غیرقانونی بھرتیوں کا انکشاف

Dr Asim

Dr Asim

کراچی (جیوڈیسک) سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹرعاصم حسین کی گرفتاری کے بعد ان کے دور میں سوئی سدرن میں ڈھائی ہزار غیرقانونی بھرتیوں کا انکشاف سامنے آیا ہے۔

رینجرز کی تحویل میں موجود مشیر پیٹرولیم ڈاکٹرعاصم حسین سے تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے جب کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرعاصم کے دوران میں محکمہ سوئی سدرن گیس کمپنی میں سیاسی دباؤ پر ڈھائی ہزار بھرتیاں کی گئیں جب کہ سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں محکمے سے فارغ کئے گئے ملازمین کو دوبارہ بحال کر کے انہیں واجبات کی ادائیگی بھی کی گئی جس سے ادارے پر اضافی بوجھ ڈالا گیا جب کہ سوئی سدرن میں ساڑھے 5 سے 6 ہزار ملازمین کی گنجائش ہے جو بڑھا کر 11 ہزار کردی گئی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سوئی سدرن کے اس وقت کے ایم ڈی عظیم احمد صدیقی نے سیاسی دباؤ میں آکر عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جب کہ ڈاکٹرعاصم کے دور میں سوئی سدرن میں ہونے والی بھرتیوں اور ترقیوں کی فہرستیں تیارکی جارہی ہیں۔