ای پاسپورٹ کے اجرا کی منظوری‘ اسلحہ لائسنس کی تجدید کیلئے مزید 6 ماہ کی مہلت

Chaudhry Nisar

Chaudhry Nisar

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے اسلحہ لائسنس کی تجدید میں 6 ماہ کی توسیع اور ای پاسپورٹ کے اجراء کی اصولی منظوری دیدی، ای پاسپورٹ منصوبہ 2017 ء تک مکمل آپریشنل ہو جائے گا۔

اسلحہ لائسنس کی تجدید یکم جون 2016ء سے شروع ہوگی، مقررہ تاریخ تک اسلحہ لائسنس کی تجدید نہ کروانے والوں کے لائسنس منسوخ کر دئیے جائیں گے۔ گزشتہ روز چوہدری نثار علی خان کی زیر صدارت وزارت داخلہ میں اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔

اجلاس میں حکام کی جانب سے وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کو آگاہ کیا گیا کہ گزشتہ سال 31 دسمبر تک اسلحہ لائسنس کو کمپیوٹرائزڈ کر انے کی آخری تاریخ مقرر کی گئی تھی، مقررہ تاریخ تک 1 لاکھ 80 ہزار اسلحہ لائسنس کی کمپیوٹرازڈ کئے گئے جبکہ اس دوران 8 ہزار بوگس اسلحہ لائسنس نکلے، اس موقع پر وزیر داخلہ نے بوگس لائسنس رکھنے والوں کیخلاف مقدمات درج کر نے اور ایف آئی اے کو اس حوالے سے تحقیقات کرنے کی ہدایت کر دی۔