مجیدن بی بی کی زمین ہتھیانے اور پیشی پر جاتے فائرنگ کرنے والے ملزمان گرفتار نہ ہو سکے

 Mustafa Abad

Mustafa Abad

مصطفی آباد/للیانی (نامہ نگار) مجیدن بی بی کی زمین ہتھیانے اور پیشی پر جاتے فائرنگ کرنے والے ملزمان گرفتار نہ ہو سکے، با اثر افراد کی طرف سے مجیدن بی بی کی زمین ہتھیانے کی کوششیں جاری، جب تک بابر علی اور محمد حسین گرفتار نہ ہوئے میری زمین پر قبضہ کا خدشہ بر قرار رہے گا۔

اعلی حکام فوری نوٹس لیں، مجیدن بی بی کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق مصطفی آباد کے نواحی گائوں سرہالی خورد کی رہائشی مجیدن بی بی نے کہا کہ چونگی امرسندھو لاہور کے رہائشی بابر ملک اور عثمانوالہ کے رہائشی محمد حسین ڈوگرنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ مجھے اغواء کرکے نشہ آور چیز پلاکرزمین کے کاغذات پر انگوٹھے لگوالئے تھے،جو تاحال گرفتار نہیں ہو سکے، میں مقدمہ کی پیشی کیلئے عدالت جا رہی تھی کہ انہی ملزمان نے مجھے غنڈے بھیج کر فائرنگ کروا کر شدید زخمی کروا دیا، وہ ملزم بھی گرفتار نہیں ہو سکے۔

میری زمین ہتھیانے کی کوشش کرنے والے ملزمان کچہری اور پٹواری کے پاس تو جا رہے ہیں جبکہ پولیس انہیں گرفتار نہیں کر پا رہی، میں ڈی پی او قصور سید علی ناصر رضوی اور تحصیلدار کی مشکور ہوں جنہوں نے میرا ساتھ دیا اور میری زمین بچ گئی،جبکہ پٹواری ملزمان سے ملا ہوا ہے، وزیر اعلی پنجاب، آئی جی پنجاب، ڈی پی او قصور ودیگر اعلی حکام فوری نوٹس لیتے ہوئے مجھے اغوا کرکے انگوٹھے لگوانے والے ملزمان محمد حسین اور بابر ملک اور مجھ پر فائرنگ کرنے والے ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے، اور پٹواری کے خلاف بھی کاروائی کریں۔