زلزلے سے سرکاری اعداد و شمار کی نسبت بہت زیادہ نقصانات ہوئے: سراج الحق

Siraj ul Haq

Siraj ul Haq

پشاور (جیوڈیسک) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے صوبائی امیر مشتاق احمد خان کے ہمراہ بدھ کے روز المرکز اسلامی پشاور میں پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی و سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اب تک 271 اموات ہو چکی ہیں اور سرکاری اعداد و شمار کی نسبت نقصانات بہت زیادہ ہیں جبکہ قبائلی علاقوں میں بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ الخدمت کے سروے کے مطابق 5543 مکانات مکمل طورپر تباہ جبکہ 8543 جزوی طورپر اور 920 مال مویشی زلزلے کی زد میں آ کر ہلاک ہو چکے ہیں۔ امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حکومت کی طرف سے دئیے جانے والے ایک لاکھ روپے سے ایک کمرہ بھی نہیں بنتا اور امداد یکمشت تمام افراد کو دی جانی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف دورہ امریکہ کو کامیاب کہہ رہے ہیں اگر 90 کروڑ ڈالر آ رہے ہیں تو متاثرین زلزلہ کو اتنی رقم دی جائے کہ وہ اپنے مکانات کی تعمیر نو کر سکیں۔ جماعت اسلامی کے امیر نے 30 اکتوبر کو یوم توبہ و استغفار منانے کا بھی اعلان کیا۔