زلزلہ متاثرین کی بحالی وامداد قومی ذمہ داری ہے، مفتی محمد نعیم

Mufti Mohammad Naeem

Mufti Mohammad Naeem

کراچی: معروف عالم مذہبی اسکالرو جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم شیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہاکہ زلزلہ متاثرین کی بحالی قومی پوری قوم کی ذمہ داری ہے ،اہل خیر بڑھ چڑھ کر متاثرین کے ساتھ تعاون کریں۔

حکومت متاثرین زلزلہ کے نام سے فنڈجمع کرنے والی نام نہاد این جی اوز اور فلاحی اداروں پرپابندی عایدکرے،سینکڑوں فلاحی ادارے متاثرین کے نام پر فنڈجمع کرتے ہیں مگر چند ایک فلاحی ادارے متاثرین تک ان کا حق پہنچاتے ہیں۔ منگل کو جامعہ بنوریہ عالمیہ میںشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم کی زیر صدارت بنوریہ ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے زلزلہ متاثرین کی فنڈنگ کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں جامعہ بنوریہ عالمیہ کے سرپرست اعلیٰ مولانا غلام رسول ، نائب مہتمم جامعہ بنوریہ عالمیہ مولانا نعمان نعیم ، مولانا سیف اللہ ربانی اور بنوریہ ویلفیئر کے چیرمین مولانا فرحان نعیم ،مولانا ظفر خان سمیت دیگر نے شرکت کی۔

اس موقع پر شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے مفتی محمدنعیم نے کہاکہ زلزلہ پوری قوم کا امتحان ہے اس لئے ضروری ہے کہ تمام سیاسی ، مذہبی ودیگر اختلافات کو بھلا کر ہم سب ایک قوم بن کر زلزلہ متاثرین کی امداد وبحالی پر توجہ دیں اور عوام ایسے عناصر کو متاثرین کیلئے فنڈ ہر گز نہ د یںجو فنڈنگ میں پیش پیش اور امدادکے وقت دور دور تک نظر نہیں آتے ہیں، انہوںنے کہا کہ انشاء اللہ جلد بنوریہ ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے متاثرین زلزلہ کیلئے امداد بھیجی جائے گی جس کے انتظامات کاسلسلہ جاری ہے، انہوں نے کہاکہ ایک مسلمان کی پریشانی پوری امت مسلمہ کی پریشانی ہے اور ضروری ہے کہ مسلمان اپنے مسلمان بھائیوںکی خود مدد کریں ، انہوںنے کہاحالیہ زلزلے سے ہوا مالی وجانی نقصان اللہ تعالیٰ کی جانب سے ایک آزمائش ہے جس سے پوری قوم کو متحد ہوکر گزرنا ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ ایسے این جی اوز اور فلاحی اداروں پر حکومت پابندی عائد کرے جو متاثرین کے نام پر فنڈجمع کرکے اپنی تجوریاں بھرنے میں مصروف ہوجاتے ہیں ۔مفتی محمدنعیم نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ متاثرین کی امداد کیلئے بڑھ چڑھ کر تعاون کریں اور ایسے فلاحی اداروں کے ساتھ تعاون کرنے سے گریز کیاجائے جو متاثرین کے نام کی فنڈنگ کو اپنے ذاتی مقاصد اور مفاد ات کی تکمیل کیلئے استعمال کررہے ہیں۔