معاشی پالیسیاں تشکیل دینا سیاستدانوں کا کام ہے: عابد شیر علی

 Abid Sher Ali

Abid Sher Ali

فیصل آباد (جیوڈیسک) فیصل آباد کے علاقے علامہ اقبال کالونی میں ہلال احمر ہسپتال کی او پی ڈی کے افتتاح کے موقع میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عابد شیر علی نے کہا کہ عمران خان اشتہاری ملزم ہیں، انہوں نے کبھی عدالتوں کا احترام نہیں کیا۔ نواز شریف کے دورِ حکومت میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے مگر کرپشن کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔

ماضی میں پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں رینٹل پاور میں کرپشن کے کیس مشہور ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ مخالفین کو بتانا چاہتے ہیں کہ نواز شریف حکومت نہیں، عوام کی خدمت کرنے اقتدار میں آتے ہیں۔ نواز شریف کو ہر بار اسی خدمت کی سزا ملتی ہے اور تیسری بار ان کی حکومت کا تختہ الٹ دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ اختیار عوام کے پاس ہونا چاہیے کس شخص کو لانا ہے یا کس کو نکالنا ہے۔ نواز شریف 22 کروڑ عوام کی جے آئی ٹی میں سرخرو ہو چکے ہیں۔ عابد شیر علی نے کہا کہ عدالتیں آزاد ہیں۔ عدالتوں میں کسی کے جانے پر قدغن نہیں لگائی جا سکتی۔ آج جو معاملہ ہوا اس کی انکوائری ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن جمہوریت کے استحکام کی جدوجہد کر رہی ہے۔

جمہوریت کو نقصان پہنچانا ہوتا تو ماضی میں عدلیہ بحالی تحریک کے دوران پیپلز پارٹی کی حکومت کا تختہ الٹ دیتے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی اداروں کے ذمہ ملک کی سیکورٹی ہے جبکہ معاشی پالیسیاں تشکیل دینا سیاستدانوں کا کام ہے۔ ہر کسی کو اپنا کام کرنا چاہیے۔