ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، ٹیکس کلچر کو فروغ دیا جائے: ممنون حسین

Mamnoon Hussain

Mamnoon Hussain

اسلام آباد (جیوڈیسک) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ بدعنوانی جیسے مسائل نے پاکستان کو بہت نقصان پہنچایا تاہم اب حالات بدل گئے ہیں، زندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد دیانتداری کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیں گے تو کوئی وجہ نہیں کہ ہم آگے نہ بڑھ سکیں، موجودہ حکومت درست سمت میں گامزن ہے، تاجروں اور صنعتکاروں سمیت ہر شخص کو سی پیک اور دیگر بڑے منصوبوں کی تکمیل میں ساتھ دینا چاہیے۔

پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور پڑوسی ممالک سمیت تمام دنیا کے ساتھ برابری کی بنیاد پر اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔ وہ وفاقی ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان کے چوتھے اچیومنٹ ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ صدر مملکت نے کہا جس ملک کی معیشت مضبوط ہو گی وہاں سیاست بھی اچھی ہو گی، اس حوالے سے چین کی مثال ہمارے سامنے ہے۔ پاکستانی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے اور تمام بڑے اقتصادی اشاریے مثبت نتائج دکھا رہے ہیں۔

پاکستان میں ماضی میں ہونے والی بدعنوانی اور بدانتظامی سے بہت نقصان ہوا لیکن اب درست سمت میں کام کیے جا رہے ہیں، حکومت سی پیک کے ساتھ ساتھ توانائی اور انفراسٹرکچر کے بڑے بڑے منصوبوں پر کام کر رہی ہے جن کی تکمیل سے پاکستان خطے کا اہم ترین ملک بن جائے گا۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان بھارت سمیت تمام ممالک کے ساتھ برابری کی بنیاد پر اچھے تعلقات کا خواہاں ہے اور اس بات پر پختہ یقین ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے مسئلہ کو کسی صورت بھی پس پشت نہیں ڈالا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ جب بھی بات چیت ہوئی تو پاکستان نے ہمیشہ کشمیر کا مسئلہ اٹھایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پرامن افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے، توقع ہے کہ افغانستان کی حکومت اور افغان طالبان کے درمیان بات چیت کے حوالے سے دو تین ماہ میں اچھی پیش رفت ہو گی۔ صدر مملکت نے صنعتکاروں اور برآمدکنندگان پر زور دیا کہ وہ روایتی مارکیٹوں کے ساتھ ساتھ اپنی مصنوعات کے لئے نئی منڈیاں بھی تلاش کریں، اس سلسلہ میں افریقہ، وسطی ایشیا اور مشرق بعید کی ابھرتی ہوئی مارکیٹوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

وسطی ایشیائی ممالک میں بھی پاکستانی برآمدات کے لئے بہت مواقع موجود ہیں صدر مملکت نے تاجروں اور صنعت کاروں پر زور دیا کہ وہ ٹیکس کلچر کو فروغ دیتے ہوئے اپنے حصے کے ٹیکس باقاعدگی سے ادا کریں ، تقریب میں صنعت و تجارت سے وابستہ 73 ممتاز شخصیات کو ایف پی سی سی آئی اچیومنٹ ایوارڈز دئیے گئے۔ گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ، وفاقی وزرائ، ارکان پارلیمنٹ، مختلف ممالک کے سفارتکاروں اور ملک بھر سے کاروباری برادری کے نمائندے بھی تقریب میں موجود تھے۔