آؤ ایدھی بنیں….!

Abdul Sattar Edhi

Abdul Sattar Edhi

تحریر: عمران احمد راجپوت
ایدھی صاحب فرماتے ہیں کہ ایک رات میں کہیں جارہا تھا راستے میں ڈاکوؤں نے مجھے روک لیا جب ڈاکو سب کچھ لے بیٹھے اور مجھے جانے کا کہنے لگے تو ایک ڈاکو نے شاید مجھے پہچان لیا وہ فوراً اپنے ساتھیوں سے کہنے لگا اِن کا سب کچھ واپس کردو۔۔۔ساتھیوں نے تجسس سے پوچھا کیوں کیا ہوا۔ ڈاکونے اپنے ساتھیوں کو کہا کہ بدبختوں جب پولیس مقابلے میں مارے جاؤگے جب تمھارے اپنے قریبی رشتہ دار بھی پہچاننے اور لاش لینے سے انکار کردیں گے جب کوئی تمھیں چھونے کو بھی تیار نہیں ہوگا تو تب یہی آدمی انسانیت کی خاطر آگے بڑھے گا اور تمھیں غسل دے گا تمھاری تدفین وغیرہ کریگا۔ ساتھیوں یہ عبدالستار ایدھی صاحب ہیں۔اور انھوں نے میرا تمام لوٹا ہوا سامان واپس کردیا۔

قارئین آج قوم کا مسیحا ہم سے رخصت ہواآج پاکستان کا ہر غریب یتیم ہوا آج انسانیت بے سہارہ ہوگئی ہزاروں خاندانوں کاپالنہار فلاح و انسانیت کا علمدار غریبوں کا دوست اِس جہانِ فانی سے منہ موڑ گیاباباخدمت عبدالستار ایدھی ہمیں چھوڑگیا۔

Abdul Sattar Edhi

Abdul Sattar Edhi

آج معلوم ہوا کہ تیرا بوسیدہ سا کالی ملیشیا کا سوٹ کتنے ہی شاہوں کی پوشاک سے زیادہ قیمتی تھا تیرا لہجہ اور اندازِ بیاں بڑے بڑے مقررین کے خطابت سے پراثر تھا تیرے ہاتھ جو لاوارث لاشوں کو نہلاتے تھے جو اُن سے اُنکا مذہب، فرقہ، مسلک، عقیدہ نہیں پوچھتے تھے جو کوڑے دان سے بچوں کو اٹھاکر انھیں عزت بخشتے تھے وہ ان ہاتھوں سے کہیں بہتر تھے جنھیں ہم اندھی عقیدت میں چوم لیتے ہیں۔
جنت کی ہواؤں جیسا تھا
وہ شخص دعاؤں جیسا تھا
اک باپ کی طرح زندہ تھا
عادت میں ماؤں جیسا تھا
وہ درد کا درماں بنتا تھا
مرہم تھا شفاؤں جیسا تھا
خدمت سے عزت پائی تھی
نایاب وفاؤں جیسا تھا
وہ وارث تھا کمزوروں کا
وہ شخص تو چھاؤں جیسا تھا
وہ روشنی کرتا رہتا تھا
وہ خود بھی ضیاؤں جیسا تھا
وہ ہیرو جیسا رتبے میں
بے لوث اداؤں جیسا تھا۔
(صبیحہ صبا)

کہتے ہیں اکیلا انسان کیا کرسکتا ہے وہ اکیلا ہی تھا جو تاریخ رقم کرگیاصرف پانچ ہزار روپے سے انسانیت کو جنم دینے والا ایدھی کروڑوں انسانوں کی ضرورت بن گیا خدمتِ انسانی کی ایسی مثال قائم کی کہ روئے زمین پر ایسی دوسری مثال نہیں ملتی۔ دکھی انسانیت کی خدمت کا یہ جذبہ آج دنیا کے طول و عرض میں پھیلا اِس بات کی عکاسی کرتا دکھائی دیتا ہے کہ دنیا میں انسانیت سے بڑا کوئی رشتہ نہیں خدمتِ انسانی ہی ایک انسان کو دوسرے انسان سے جوڑے رکھتی ہے اور دو انسانوں کا آپس میں انسانی ہمدردی کے تحت جڑے رہنا ہی انسانیت ہے جو کسی بھی انسان کو اشرف المخلوقات کے مرتبے پر فائز کر سکتی ہے جبکہ اشرف المخلوقات کے مرتبے کو پہنچنے والا ہی ولی اللہ کے منصب تک رسائی پاسکتا ہے۔

Abdul Sattar Edhi Namaz e Janaza

Abdul Sattar Edhi Namaz e Janaza

دنیا بھر کے دلوں کی ڈھڑکن بالخصوص پاکستانی عوام کے آنکھوں کی ٹھنڈک درویش صفت انسان بابائے خدمت عبدالستار ایدھی کی تدفین آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ایماء پر مکمل سول اور فوجی اعزاز کے ساتھ کی گئی جس کے لئے پاکستان کی بیس کروڑ عوام آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے بے حد مشکور ہیں اور انھیں زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جنھوں نے جذبہ انسانی کی حوصلہ افزائی فرمائی اور محسنِ پاکستان کی کاوشوں کو سراہاتے ہوئے دکھی انسانیت کی خدمت کوپاکستان کا نصب العین جانا۔حکومتِ پاکستان کی جانب سے صدر وزیراعظم سمیت چاروں صوبائی حکومتوں نے ایدھی صاحب کی وفات کو قومی نقصان قرار دیتے ہوئے انکے مشن کو جاری رکھنے کا اعادہ فرمایا۔

یہی وہ سوال ہے جو آج ہر غریب یتیم مسکین مفلس و بے سہارہ کے ذہنوں کو ماؤف کئے ہوئے ہے کہ اب ہمارا کیا ہوگا اب ہمارا سہارہ کون بنے گا کیا ایدھی فاؤنڈیشن پہلے کی طرح اپنا کام احسن طریقے سے جاری رکھ پائے گی کیا اُس کے آنرملک کے غریب یتیم مسکین بے سہارہ لوگوں کے لئے اُس درویش صفت فقیر منش انسان کی طرح سڑکوں پر بھیک مانگیں سکیں گے۔ یہ وہ سوال ہے جس کا جواب آنے والا وقت ہی دے سکتا ہے۔ لیکن میں یہاں حکومت ِ وقت سے گزارش کرونگا کہ وہ ایدھی فاؤنڈیشن کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے اور ہر مشکل گھڑی میں اُس کا ساتھ دیں۔جبکہ پاکستان کی عوام سے گزارش کرنا چاہونگا کہ آج بیشک انسانیت کا درد رکھنے والا ایدھی ہم میں موجود نہیں لیکن اُس کی دی ہوئی سوچ ہم سب کے ذہنوں کو آج بھی جھنجوڑ رہی ہے وہ کہہ رہی کہ آؤ سب ملکر ایدھی بنیں آؤ انکا مشن آگے بڑھائیں آؤ اشرف المخلوقات کے مرتبے کو پہنچیں آؤ ولی اللہ کے منصب کو جانیں آؤ انسانیت کو اپنا مذہب بنائیں آؤ ایدھی کو اپنا امام بنائیں آؤ خدمتِ انسانی کو اپنا شعار بنائیں آؤ ایدھی بنیں آؤ ایدھی بنیں آؤ ایدھی بنیں۔

اب کون امید کی شمع جلائے گا اِن ویرانوں میں
ایک تم ہی تو انسان تھے اِن نام کے انسانوں میں
(ارشد ارشی)

Imran Ahmed Rajput

Imran Ahmed Rajput

تحریر: عمران احمد راجپوت