قاہرہ : چرچ میں خودکش بم دھماکا کرنے والے حملہ آور کی شناخت

Church Suicide Attack

Church Suicide Attack

قاہرہ (جیوڈیسک) مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے دارالحکومت قاہرہ میں قبطی عیسائیوں کے چرچ میں اتوار کے روز خودکش بم دھماکا کرنے والے حملہ آور کی شناخت کا اعلان کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق صدر السیسی نے کہا ہے کہ چرچ میں ایک بتیس سالہ نوجوان محمود شفیق محمد نے خود کو دھماکے سے اڑایا تھا اور اس کے ساتھ تین اور نوجوان مرد اور ایک عورت بھی تھی۔

انھوں نے مزید بتایا ہے کہ حملہ آور نے چرچ میں دعائیہ تقریب کے دوران شرکاء کے درمیان اپنی خودکش بیلٹ کو دھماکے سے اڑایا تھا۔انھوں نے دہشت گردی کے اس واقعے میں ملوّث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا اعلان کیا ہے۔

قبطی عیسائیوں کے چرچ میں اس خودکش بم دھماکے میں پچیس افراد ہلاک اور پچاس زخمی ہوگئے تھے۔ ابھی تک کسی گروپ نے اس خودکش بم حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے۔

مصر سے موصولہ اطلاعات کے مطابق سکیورٹی سروس کے ایجنٹ سوموار کو واقعے کے ایک روز بعد بھی بم دھماکے میں چرچ کی تباہ شدہ جگہ سے انسانی اعضاء نکال رہے تھے۔