مصری ارب پتی تاجر کا شامی پناہ گزینوں کے لیے جزیرہ خریدنے کا اعلان

Najib

Najib

قاہرہ (جیوڈیسک) مصر کے ارب پتی بزنس ٹائیکون نجیب ساوارس نے شامی پناہ گزینوں کے لیے جزیرہ خریدنے کا اعلان کیا ہے۔

گزشتہ دنوں ترکی کے ساحل پر شام سے تعلق رکھنے والے 3 سالہ ننھے تارک وطن ایلان کرد کی لاش کی تصویر نے دنیا بھر کو دہلا کر رکھ دیا ہے جس کے بعد دنیا بھر میں شامی پناہ گزینوں کے مسئلے نے ایک بار پھربھرپورتوجہ حاصل کرلی ہے جب کہ برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے بھی ہزاروں شامی پناہ گزینوں کو پناہ دینے کا اعلان کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مصر کے ارب پتی تاجر نجیب ساوراس نے بھی شامی پناہ گزینوں کے لیےجزیرہ خریدنے کا اعلان کرتے ہوئے الگ ملک بنانے کا منصوبہ پیش کیا ہے جہاں انہیں تمام بنیادی سہولیات میسر کی جائیں گی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ارب پتی تاجر کا اپنے ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ اٹلی اور یونان کی حکومتیں مجھے ایک جزیرہ فروخت کریں جسے آزاد ملک کی حیثیت حاصل ہوگی اور وہاں مہاجرین کو زندگی کی بنیادی سہولتیں علاوہ ملازمتیں بھی میسر ہوں گی۔