عیدالاضحیٰ پر سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ، ٹماٹر کی سنچری

Vegetables

Vegetables

کراچی (جیوڈیسک) عید الاضحیٰ کے موقع پر سبزی مافیا نے ٹماٹر، پیاز اور ہری مرچوں کے ساتھ ساتھ دیگر سبزیوں کی قیمتوں میں بھی بے پناہ اضافہ کر دیا ہے، جبکہ ٹماٹر کی قیمت سنچری عبور کرتے ہوئے 120روپے کلو تک پہنچ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق عید الاضحی کے باعث سبزی فروش مافیا نے ٹماٹر اور پیاز کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے اور ریٹیل سطح پر ٹماٹر 120 اور پیاز 80 روپے کلو میں فروخت ہوا، اسی طرح چھلا ہوا لہسن 220 روپے کلو، بغیر چھلا ہوا لہسن 160 روپے کلو، آلو 40 تا 50 روپے، ہری مرچ 160 تا 180 روپے کلو، دیسی ادرک 70 روپے، چینی ادرک 100 روپے کی قیمت پر فروخت ہوا۔

دوسری جانب سبزی منڈی میں شدید بارش کے بعد کیچڑ نے صورتحال انتہائی خراب کر دی ہے جہاں تاجروں کے ساتھ ساتھ خریداروں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے، سبزی منڈی میں ٹماٹر کی ہول سیل قیمت 100روپے جبکہ پیاز کی ہول سیل قیمت 60 روپے کلو رہی، مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہر سال کی طرح امسال بھی ٹماٹر اور پیاز کی قیمتوں میں اضافہ رہا کیونکہ عید الاضحی کے موقع پر پکوانوں کی تیاری میں پیاز اور ٹماٹر کی طلب انتہائی زیادہ رہتی ہے، ٹماٹر اور پیاز کے علاوہ ہری مرچ، بند گوبھی، پپیتہ، لیموں، دھنیہ، پودینہ، شملہ مرچ، لہسن، ادرک کی طلب میں اضافہ ہوجاتا ہے۔