اٹھارویں ترمیم کو رول بیک کرنیکی کوشش کی گئی تو خطرناک ہو گا: رضا ربانی

Raza Rabbani

Raza Rabbani

لاہور (جیوڈیسک) صحافیوں کی تنظیم سی پی این ای کے زیر اہتمام میڈیا ٹریننگ کورس کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو میں چیئرمین سینٹ رضا ربانی کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو ماہ سے سینٹ میں وزیر اعظم محمد نواز شریف بھی آ رہے ہیں اور وزراء بھی پابندی سے وقت دے رہے ہیں۔

پارلیمان کی بالادستی کو یقینی بنانا ایک دن کا کام نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آرٹیکل چھ کا اس وقت جو حشر ہو رہا ہے وہ سب کے سامنے ہے۔ چیرمین سینٹ کا کہنا تھا کہ آئین کا مضمون تعلیمی نصاب کا حصہ ہونا چاہیے اس ضمن میں وزیراعظم محمد نواز شریف اور وزراء اعلی کو خط لکھا ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ سیاسی جماعتوں اور بیوروکریسی میں موجود بعض عناصر اٹھارویں ترمیم کو رول بیک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ رضا ربانی کا کہنا تھا کہ کراچی کا واقعہ انتہائی بدقسمتی ہے کراچی میں قیام امن کے لئے آپریشن جاری رہنا چاہیے۔