الیکشن 2018: بلاول کا کسی بھی جماعت سے اتحاد سے انکار

Bilawal Bhutto Meeting

Bilawal Bhutto Meeting

سکھر (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی نے اتحاد کی بجائے آئندہ انتخاب اپنے نشان سے لڑنے کا فیصلہ کرلیا، نواز شریف کے بعد عمران خان کی الزام تراشی کا بھی سخت جواب دینے کی حکمت عملی سامنے آگئی۔ پیپلز پارٹی کی قیادت کا کہنا ہے کہ عمران خان نے اب سیاسی حدود سے تجاوز کیا تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت پارٹی کی اعلیٰ سطحی مشاورت کے فیصلے سامنے آگئے ہیں جس کے مطابق بلاول بھٹو نے آئندہ انتخابات میں کسی بھی جماعت سے اتحاد کی تجویز مسترد کر دی ہے۔

بلاول بھٹو نے فیصلہ کیا ہے کہ پیپلز پارٹی اپنے نشان پر الیکشن لڑے گی۔ عام انتخابات میں ہر حلقے میں پیپلز پارٹی کا اپنا امیدوار کھڑا کیا جائے گا۔

اعلیٰ سطحی مشاورت میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی عمران خان اور نواز شریف کو سخت جواب دے گی۔ پیپلز پارٹی قیادت کو واضح طور پر پالیسی دے دی گئی ہے کہ عمران خان کی الزام تراشی اور جھوٹ اب برداشت نہیں کیا جائے گا، عمران خان کو ترکی بہ ترکی جواب دیا جائے گا۔

پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ ن کے خلاف پنجاب میں محاذ کو مزید گرم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ قیادت کو بتا دیا گیا ہے کہ نون لیگ کے طرز سیاست کا بھی جم کر مقابلہ کیا جائے گا۔