الیکشن کمیشن اپنے فرائض غیر جانبداری سے انجام دے : سردار رضا خان

Sardar Raza Khan

Sardar Raza Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) چیف الیکشن کمشنر نے کہا ہے کہ الیکشن عملہ کسی کی پرواہ کئے بغیر غیر جانبداری سے ڈیوٹی کرے۔ حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں آئی جی پنجاب نے بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کیلئے فوج اور رینجرز کی خدمات مانگ لیں۔

چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اجلاس میں اسلام آباد بلدیاتی انتخابات اور پنجاب و سندھ میں تیسرے مرحلے اور اسلام آباد کے بلدیاتی انتخات کے حوالے سے اجلاس ہوا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان نے کہا کہ پہلے دو مرحلوں کی طرح الیکشن کا تیسری مرحلہ بھی خوش اسلوبی سے منعقد کیا جائے گا۔ عملہ غیر جانبداری برتے۔ عوام کو الیکشن میں شفافیت نظر آنا چاہئے۔

وزیراعظم ، وزراء اور حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں ، کسی کی پرواہ کئے بغیر ڈیوٹی کی جائے۔ سکیورٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے گا۔ تمام امیدواروں کو یکساں میدان فراہم کیا جائے۔

ادھر آئی جی پنجاب نے تیسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات کیلئے فوج اور رینجرز کی خدمات مانگ لیں۔ آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ تیسرے مرحلے کیلئے فوج اور رینجرز کی باون کمپنیاں اور کوئیک رسپانس فورس کی خدمات دی جائیں۔