الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کا مینڈیٹ ہے، کسی اور کا کام نہیں: نواز شریف

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) سابق وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ جو کچھ آج ہو رہا ہے، اس سے الیکشن کو نقصان پہنچ چکا ہے۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری بھی خدمات ہیں اور اس جنگ میں دشمنوں کا مقابلہ کرنے والے جوانوں کو سیلوٹ کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ جو کچھ آج ہورہا ہے، اس سے الیکشن کو نقصان پہنچ چکا ہے، لہٰذا الیکشن کمیشن تمام انتظامات اپنے ہاتھ میں لے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کامینڈیٹ ہے کسی اور کا کام نہیں، الیکشن میں کسی اور ادارے کی مداخلت تسلیم نہیں کریں گے۔

نوازشریف کا کہنا تھا کہ ہماری برداشت کا مزید امتحان نہ لیا جائے، ہم دیکھ رہے ہیں کہ کس پارٹی کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے، کسی پارٹی کے خلاف کچھ کیا جارہا ہے تو وہ مسلم لیگ (ن) ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ (ن) لیگ کے بندے توڑ کر عمران خان کی پارٹی سے جوڑا گیا ہے، مسلم لیگ (ن) اور قوم کسی طور پر بھی ان چیزوں کو قبول نہیں کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے کون سا کوئی گناہ کیا ہے؟ پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا ہے اور ہم محب وطن لوگ ہیں، مجھ سے بڑا محب وطن اور کون ہوسکتا ہے؟ میرے اندر پاکستان کی محبت کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی ہے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نے پاکستان کو بنایا اور آج اسی پارٹی کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں۔

یاد رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف اہلیہ کی بیماری کے باعث لندن میں مقیم ہیں لیکن احتساب عدالت سے سزا کے بعد انہوں نے 13 جولائی کو بیٹی کے ہمراہ واپسی کا اعلان کر رکھا ہے۔