پی پی 30 کوٹ مومن ضمنی الیکشن، ن لیگ کے حمایت یافتہ امیدوار نے میدان مار لیا

Eelections

Eelections

کوٹ مومن (جیوڈیسک) کوٹ مومن کے حلقہ پی پی تیس کے ضمنی الیکشن میں ن لیگ کے حمایت یافتہ امیدوار یاسر ظفر سندھو نے کامیابی حاصل کی۔ کوٹ مومن پی پی 30 ضمنی الیکشن کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے حمایت یافتہ امیدوار یاسر ظفر سندھو 42736 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے راؤ ساجد محمود 23586 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ کوٹ مومن میں پاکستان مسلم لیگ ن کے حمایت یافتہ امیداور نے واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کر لی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی چودھری طاہر احمد سندھو کی وفات کے بعد اس نشست پر انتخابات ہو رہے ہیں۔ وہ 2013ء کے انتخابات میں پی پی 30 سے کامیاب ہوئے تھے۔

حلقہ پی پی 30 میں کل ووٹرز کی تعداد 1 لاکھ 73 ہزار 919 ہیں جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 98 ہزار 145 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 75 ہزار 774 ہے۔ حلقے میں کل پولنگ سٹیشنز 137 ہیں جن میں مرد پولنگ سٹیشنز کی تعداد 31 جبکہ خواتین پولنگ سٹیشنز کی تعداد بھی 31 ہے۔

آج ہونے والے ضمنی الیکشن میں 4 امیدوار مدمقابل تھے جن میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار راؤ ساجد محمود، مسلم لیگ ن کے حمایت یافتہ امیدوار یاسر ظفر سندھو جبکہ راؤ وقاص احمد اور عاصم اقبال نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے انتخابات میں حصہ لیا۔