بجلی بحران پر عمران خان نے نگران وزیراعظم کو خط لکھ دیا

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) بجلی بحران پر تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے نگران وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک کو خط لکھ دیا، جس میں انہوں نے بحران کی حقیقی صورتحال پر قوم کو اعتماد میں لینے کا مطالبہ کر دیا۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پانی اور بجلی کے بحران پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نگران وزیراعظم کو خط لکھ دیا ہے۔ عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں بتایا کہ انہوں نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ قوم کو حقیقی صورتحال پر اعتماد میں لیا جائے، یہ بھی بتایا جائے کہ گردشی قرضوں کی 500 ارب کی رقم کے حوالے سے درست صورتحال کیا ہے، قوم کو اس بات پر بھی اعتماد میں لیا جائے کہ پاور سیکٹر میں ناکامی کا کون ذمہ دار ہے۔

عمران خان نے کہا کہ طویل مشکلات برداشت کرنے والے عوام کا حق ہے کہ انہیں صحیح حقائق کا پتہ چلے، عوام کو مسلم لیگ ن کے جھوٹے دعوؤں اور وعدوں بارے بھی پتہ چلنا چاہیے کہ وہ کس قدر پورے ہو سکے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت دعویٰ کرتی رہی ہے کہ اس نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کاخاتمہ کر دیا ہے، اس حوالے سے بھی حقائق سامنے آنے چاہیں، عوام شریف برداران کے اس دعویٰ پر بھی جاننا چاہتے ہیں کہ اب بجلی بحران کی ذمہ داری نگران حکومت پر ہو گی۔