اس مرتبہ انتخابات میں سیاسی لوٹوں کی دال نہیں گلنے والی، مریم نواز

Maryam Nawaz

Maryam Nawaz

صادق آباد (جیوڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ اس مرتبہ سیاسی لوٹوں کی دال نہیں گلنے والی جب کہ پارٹی چھوڑ کر جانے والوں کا الیکشن میں وہ انجام ہو گا کہ پارٹی چھوڑنے سے پہلے 10 بار سوچیں گے۔

صادق آباد میں مسلم لیگ (ن) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے مقدمے کا فیصلہ نہیں ہوا اور 3 بار سزا سناچکے، ہم اب تک 70 پیشیاں بھگت چکے ہیں جب کہ جہانگیر ترین پر کرپشن ثابت ہونے کے باوجود مقدمہ نیب کو نہیں بھیجا گیا اور لاڈلے کے جعلی کاغذات بھی راستے کی رکاوٹ نہیں بنتے لیکن بیٹے سے تنخواہ لینا جرم بن جاتا ہے، کرپشن ثابت نہ ہونا نواز شریف کا قصور بن گیا ہے جس سے نا انصافی ہوئی اس سے سوال پوچھے جارہے ہیں یہ نوازشریف کو ملک سے نکالنے والے سے پوچھا جانا چاہیے تھا۔

مریم نواز نے سوال کیا کہ کیا زرداری اور عمران خان کا گٹھ جوڑ نواز شریف نے کرایا، کیا بلوچستان کی منتخب حکومت نوازشریف نے ختم کی، عوام پر واضح ہوچکا کہ دھرنوں، سازشوں اور احتساب کی آڑ میں انتقام کا ہدف صرف نوازشریف ہیں، نوازشریف سے ہونے والی نا انصافی اور زیادتیوں کے خلاف کھڑے ہوں، 2018 کے الیکشن میں مہروں کو عبرت کا نشان بنا دینا، ساری سازشوں کا جواب ووٹ کی پرچی سے دینا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ لوگ خواجہ آصف کی قدر اس لیے کرتے ہیں کہ وہ وفادار آدمی ہیں انہوں نے نواز شریف سے وفا نبھائی ہے لیکن اس مرتبہ سیاسی لوٹوں کی دال نہیں گلنے والی، پارٹی چھوڑ کرجانے والوں کا الیکشن میں وہ انجام ہوگا کہ پارٹی چھوڑنے سے پہلے 10 بار سوچیں گے۔