سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق رکنیت سے محروم

Ayaz Sadiq

Ayaz Sadiq

لاہور (جیوڈیسک) عمران خان کی بال پر نون لیگ کی اہم ترین وکٹ اڑ گئی ، الیکشن ٹربیونل نے این اے ایک سو بائیس کے انتخابی نتائج کالعدم قرار دے دیئے ۔ سردار ایاز صادق اسمبلی رکنیت سے محروم ہوگئے۔ حلقے میں دوبارہ الیکشن کا حکم بھی دے دیا گیا ہے۔ بڑے انتظار کے بعد آنے والے بڑے فیصلے کے مطابق تحریک انصاف کوانتہائی بڑی کامیابی مل گئی۔

کپتان کی جانب سے پھینکی گئی یارکر نے ن لیگ کے ہوم گراؤنڈ پر اس کی اہم ترین وکٹ اڑا کر رکھ دی۔ الیکشن ٹربیونل کے جج کاظم علی ملک نے 80 صفحات پر مشتمل اپنے فیصلے میں دو ہزار تیرہ کے عام انتخابات میں این اے ایک سو بائیس سے سردار ایاز صادق کی کامیابی کالعدم قرار دے دی۔

حلقے میں دوبارہ الیکشن کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ ٹربیونل نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ ایک سو سینتالیس کے نتائج بھی منسوخ کر دیئے۔ یوں سیاسی پچ پر صوبائی اسمبلی کے اینڈ سے ایاز صادق کا ساتھ دینے والے میاں محسن لطیف بھی پویلین لوٹ گئے۔

الیکشن ٹربیونل نے نادرا کی جانب سے پیش کی گئی سیپلیمنٹری رپورٹ بھی مسترد کردی ، دو ہزار تیرہ کے عام انتخابات میں این اے ایک سو بائیس سے سردار ایاز صادق نے عمران خان کو آٹھ ہزار آٹھ سو بہتر ووٹوں سے شکست دی تھی ۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے نتائج مسترد کرتے ہوئے پانچ جولائی دوہزار تیرہ کو ٹربیونل سے رجوع کیا تھا۔