کے الیکٹرک اب بلیک آؤٹ کے ذریعے کمائی کر رہی ہے۔ معراج الہدیٰ صدیقی

کراچی: امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ روزے کا اجر اللہ کے پاس محفوظ ہے مسلمان اللہ کی رضا کیلئے حلال کی گئی چیزوں کو ترک کرکے اللہ خوشنودی اور مغفرت کا طلبگار ہوتا ہے۔ رمضان المبارک تزکیہ نفس کا مہینہ ہے جو پورے سال کیلئے تقویٰ کی روش پر چلنے اور اللہ کی اطاعت کاتقاضا کرتا ہے۔

اس ماہ مبارک کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں شب قدر کو تلاش کرنے کا حکم دیا گیا ہے جو ہزار مہینوں کی عبادت سے بہتر ہے۔ اس ماہ مبارک میں اللہ کے حضور سچی توبہ زندگی بھر کے گناہوں سے نجات کا ذریعہ بن جاتی ہے ۔ بد قسمتی سے کراچی میں اس سال مہنگائی اور لوڈشیڈنگ کی بدولت رحمت والے مہینے کو زحمت بنا دیا گیا جبکہ حکمران باہم الزامات کی بوچھاڑ میں مصروف ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے نارتھ ناظم آباد بلاک T میں افطار عام کے موقع پر خطاب میں کیا۔

انھوں نے کہا کہ کے الیکٹرک نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے ۔ کے الیکٹرک لوڈشیڈنگ کی بجائے بلیک آؤٹ کے ذریعے کمائی کر رہی ہے اور عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ۔ کے الیکٹرک کی انتظامیہ سحری ، افطار اور تراویح کے اوقات میں خرابی کے نام پر گھنٹوں پر محیط بلیک آؤٹ کا جواز فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ حکومتی ملی بھگت سے کے الیکٹرک انتظامیہ عوام کا خون چوس رہی ہے۔ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ کراچی شہر کی رونقوں کو اسلحہ اور بھتہ خوری کے کلچر نے گہنا دیا ہے جماعت اسلامی عرصہ دراز سے کراچی میں امن و امان کی بحالی کیلئے بلا تفریق کاروائی کا مطالبہ کر رہی تھی کراچی میں امن و امان کی بہتری تسلسل کی متقاضی ہے اگر اس شہر میں امن و امان قائم رہے تو پورا پاکستان اسکے ثمرات سمیٹے گا۔

Addressed Feast Iftar Meraj-ul-Huda Siddiqui

Addressed Feast Iftar Meraj-ul-Huda Siddiqui