کے الیکٹرک کی کارکردگی پر حکومت جواب طلب کر سکتی ہے، گورنر سندھ

Dr Ishratul Ibad

Dr Ishratul Ibad

کراچی (جیوڈیسک) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ تمام تر توجہ بڑے جرائم ختم کرنے پر ہے اس لئے شہر میں اسٹریٹ کرائمز میں اضافہ ہو رہا ہے۔ جلد ہی اسٹریٹ کرائمز پر بھی قابو پالیا جائے گا۔

ڈاکٹر عشرت العباد نے طارق روڈ ، ڈالمن مال اور حیدری مارکیٹ سمیت شہر کے مختلف تجارتی مراکز اور عید بازاروں کا دورہ کیا۔

وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال اور کمشنر کراچی بھی ان کے ہمراہ تھے ۔حیدری مارکیٹ میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف بوہری برادری سے تعلق رکھنے والے تاجروں نے گورنر کی آمد پر احتجاج کیا ۔گورنر کی ہدایت پر بجلی بحال کر دی گئی۔

گورنر سندھ نے کہا کہ کے الیکٹرک مکمل خود مختار ادارہ نہیں ہے سندھ حکومت اور مرکزی حکومت دونوں، کے الیکٹرک سے جواب طلب کر سکتی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ سیکورٹی ادارے پوری تندہی کے ساتھ شہر کا امن بحال کرنے میں لگے ہوئے ہیں اس لئے اسٹریٹ کرائمز پر توجہ نہیں دے پا رہے ،جلدہی اسٹریٹ کرائمزپربھی قابو پالیں گے۔ جب مکمل امن بحال ہو گا تو شہر میں بڑے ترقیاتی منصوبے بھی لگیں گے۔