الیکٹرک اور حکمران اللہ سے ڈریں، رمضان میں لوڈشیڈنگ بند کی جائے، مفتی محمد نعیم

 Mufti Mohammad Naeem

Mufti Mohammad Naeem

کراچی : جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے افطاری وسحری کے اوقات میں بجلی کی بندش اور لوڈشیڈنگ پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک اور حکمران اللہ سے ڈریں، رمضان میں لوڈشیڈنگ بند کی جائے، رمضان کا مہینہ مسلمانوں کیلئے اللہ تعالیٰ کا بہترین تحفہ ہے۔

خلوص ونیت کے ساتھ زیادہ سے زیادہ عبادت کرکے اللہ کی رضا ء اور پانی وبجلی کے بحران سمیت دیگر بحرانوں سے چھٹکارے کیلئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا جائے۔ اتوار کو جامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری بیان میں مفتی محمد نعیم نے کہاکہ رمضان المبارک کا مہینہ مسلم امہ کو بھائی چارگی ، صبروبرداشت اورتحمل کادرس دیتاہے،روزہ صرف کھانے پینے سے ہاتھ روکنے کا نام نہیں بلکہ آنکھ،کان ،ناک اور زبان کے ساتھ دل ودماغ کو بھی برے خیالات سے بچانا چاہیے۔

رحمتوں ، مغفرت اور جہنم سے نجات کے مہینے میں احکام خدوندی پر مکمل عمل کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ عبادت کریں اسی سے رمضان المبارک کا بھرپور استقبال ہوسکتاہے، انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک اللہ تعالیٰ کا عظیم فضل واحسان ہے جس میں مسلمانوں کو ہر وقت خداوند کی دروازہ کھٹکھٹانے کا موقع ملتاہے اس مبارک میں نفل نمازفرض نماز کے جتنا درجہ حاصل کرلیتی ہے جبکہ فرض نماز کا ثواب ستر گنا زائد کے ساتھ نامہ اعمال میں شامل کردیے جاتے ہیں، مفتی محمد نعیم نے حکمرانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس بابرکت کھڑیوں میں عوام کو بجلی وپانی سے محروم رکھنے کے بجائے ان روزہ داروں کی آہ سے بچیں اور رمضان المبارک میں عوام کو پانی کے بحران اور لوڈشیڈنگ سے نجات دلائیں۔