بجلی پر 4 روپے فی یونٹ تک سرچارج عائد

NEPRA

NEPRA

اسلام آباد (جیوڈیسک) نیپرا نےبجلی صارفین پر ایک روپے سے 4روپے فی یونٹ تک سرچارج عائد کرنے کی منظوری دیدی، نیپرا کے فیصلے کے باعث بجلی ٹیرف موجودہ سطح پر برقرار ہے مگر اس نے صارفین کو فیول ایڈجسٹمنٹ کی صورت میں ملنے والے90ارب روپے کے ریلیف سے محروم کر دیاہے۔

دستاویز کے مطابق نیپرانے مالی سال 2014-15 کے ٹیرف پر وزارت پانی و بجلی کی نظرثانی کی درخواست پر فیصلہ جاری کردیا ہے۔ نیپرا نے سبسڈی میں کمی اورسرچارج کو ٹیرف شیڈول میں شامل کر لیاہے۔ نیپرا نے 2 روپے 50 پیسے فی یونٹ تک سبسڈی میں کمی منظور کرلی ہے۔

نیپرانے مالی سال 2014-15 کے ٹیرف میں بجلی کے نرخ ایک روپے سے 4روپے فی یونٹ کم کر دیے تھے۔ نیپرانے بجلی چوری، ٹیکنیکل لاسز سے صارفین کی وصولی کی شرح اور فرنس آئل کے نرخ میں کمی کے باعث تقسیم کار کمپنیوں کے ٹیرف میں کمی کی منظوری دی تھی۔ نیپرا کے اس اقدام کا مقصد مہنگی بجلی کے ستائے عوام کو ریلیف منتقل کرنا تھا۔