چند عناصر ملکی ترقی کی راہ میں روڑے اٹکا رہے ہیں : شہباز شریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ترقی، خوشحالی اور روشنیوں کے سفر کی جانب بڑھ رہا ہے، کہتے ہیں چند سیاسی عناصر ذاتی مفادات کی خاطر اس سفر میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ایوان وزیر اعلیٰ لاہور میں پاکستان مسلم لیگ نواز کے منتخب نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں حکومت نے شفافیت سے منصوبوں کو آگے بڑھایا۔

منصوبوں میں شفافیت اور اعلیٰ معیار کو برقرار رکھتے ہوئے قوم کے اربوں روپے بچائے گئے ہیں۔ اربوں روپے کے قومی وسائل کی بچت کی مثال پاکستان کی تاریخ میں نہیں ملتی۔

محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان ترقی، خوشحالی اور روشنیوں کے سفر کی جانب بڑھ رہا ہے، چند سیاسی عناصر ذاتی مفادات کی خاطر اس سفر میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

تاہم پاکستان کے باشعور عوام ایسے عناصر کی ہر سازش ناکام بنا دیں گے۔