کچھ عناصر پاکستان سے تعلقات کی مخالفت میں بےبنیاد پروپیگنڈا کررہے ہیں، ایران

Iran

Iran

اسلام آباد (جیوڈیسک) ایران کے سفارت خانے کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ کچھ عناصر پاک ایران تعلقات کی مخالفت میں بےبنیاد پروپیگنڈا کررہے ہیں لیکن اس سے دونوں ممالک کے مثبت اور خوش گوار تعلقات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

اسلام آباد میں ایرانی سفارت خانے کے ترجمان عباس بدری فر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک ایران تعلقات گزشتہ 7 دہائیوں سے اعتماد کے رشتے پر استوار ہیں،ایران پاکستان کےساتھ سرحدوں کوامن اور دوستی کا گہوارہ سمجھتا ہے اور پاکستان کو بھی اپنی مغربی سرحدوں سے کبھی کوئی خطرہ نہیں رہا۔

ایرانی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند روز سے کچھ ایسی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں جن سے پاک ایران دوستانہ اور اخوت پر مبنی تعلقات پر منفی اثرات مرتب ہوں.، کچھ عناصر پاک ایران تعلقات مخالفت میں بےبنیاد پروپیگنڈا کررہے ہیں، ایسےعناصر ایرانی صدر کے دورہ پاکستان میں حاصل ہونے والے فوائد کے مخالف ہیں، ایسی خبروں کاپاک ایران تعلقات پرمنفی اثر ہوسکتا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے باشعور عوام ایران کے ساتھ دوستی اور بھائی چارے پر مبنی تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں، غیر مہذب اور توہین آمیز مندرجات کو پھیلانے سے دونوں ممالک کے مثبت اور خوش گوار تعلقات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا.