ملازمین کی احتجاجی پرواز، پی آئی اے کے پر کٹ گئے

Strike PIA Pakistan

Strike PIA Pakistan

کراچی (جیوڈیسک) نجکاری کے خلاف جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی اپیل پر پی آئی اےفلائٹ آپریشن بند ہے۔ دو روز میں ملکی اور بین الاقوامی پروازوں سمیت پی آئی اے کی تقریباً دو سو پروازیں منسوخ ہوئیں،30 کروڑ روپے تک یومیہ خسارے کا سامنا ہے۔

دوسری جانب احتجاجی ملازمین اور حکومت کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار ہے، ایکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ مذاکرات کیلئے تیار ہیں لیکن حکومت رابطہ نہیں کررہی۔

حکومتی دھمکیاں رائیگاںگئیں، ملازمین کی ہڑتال جاری رہی، پر لازمی سروسز ایکٹ مسترد کرنے والوں کے نہیں، خود پی آئی اے کے کٹے،آج ملک بھر میں ایک بھی پرواز نہ اُڑ سکی،دو ملازمین کے ناگہانی قتل کے باعث کراچی میں پی آئی اے ہیڈ آفس کے باہر ملازمین کے دھرنے میں احتجاج سے زیادہ سوگ اور غم وغصے کے جذبات دِکھائی دیئے۔

جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے چیئرمین کیپٹن سہیل بلوچ نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ نجکاری کے فیصلے کے خاتمے تک احتجاج جاری رہے گا، حکومت کو پی آئی اے کے نقصان اور عوام کی مشکلات سے کوئی دلچسپی نہیں اسی لئے حکومت نے رابطہ نہیں کیا ہے ۔

احتجاج کے باعث پی آئی اے کا آپریشن مکمل طور پر ٹھپ ہے۔ دو روزہ احتجاج کے دوران ملکی اور بین الااقوامی تقریباً دو سو پروازیں منسوخ ہوچکی ہیں۔ساتھ ہی عوام کی مشکلات بھی بڑھ رہی ہیں ۔ پی آئی اے کو یومیہ 25 سے 30 کروڑ روپے کا نقصان ہورہا ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ہدایت پر نجی ایرلائنز نے کراچی سے لاہور اور اسلام آباد کیلئے دو دو اضافی پروازیں چلائیں تاہم عوام نے معمول سےکہیں زیادہ کرائے وصول کرنے کی شکایت ہی ہے۔پی آئی اے ملازمین نے جناح ٹرمینل پر بھی دھرنا دے رکھاہے اور اپنے جاں بحق ساتھیوں کی یاد میں شمعیں روشن کیں۔