ملازمین کے لئے میگا پراجیکٹ۔۔اپ گریڈیشن

Government Employees

Government Employees

تحریر : چوہدری غلام غوث
حضرت علی کرم اللہ کا بچوں کی تربیت کے حوالے سے ایک خوبصورت فرمان ہے کہ والدین قدرت رکھنے کے باوجود اپنے بچوں کی جائز خواہشات کی تکمیل میں بھی تساہل سے کام لیں تاکہ انہیں اس کی قدر کے ساتھ ساتھ ناجائز خواہشات کرنے کی جرآت نہ ہو ااس فرمان کے مصداق بالا آخر ایک سال کی جدوجہد اور اپنے جائز حقوق کے حصول کی خاطر گرمی اور سردی کی موسمی شدت کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اس کو مسلسل جاری رکھنے کا عزم ملازمین کیلئے ثمر آور ثابت ہوا اللہ کے خاص فضل وکرم سے خادم پنجاب محمد شہباز شریف کی توجہ مرکوز ہوگئی جس کے نتیجے میں ماہ ربیع الاول کے بابرکت مہنے میں جمعہ کے روز اور سال نو کے آغاز پر پنجاب بھر کے کلیریکل کیڈر کے سرکاری ملازمین کی اپ گریڈیشن کی منظوری دے دی گئی جس سے پنجاب کے لاکھوں ملازمین کے دلوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

دیر آید درست آید۔ بلاشبہ کلیریکل کیڈر حکومتی مشنری میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے جس کے بغیر مشینری کا چلنا دشوار ہے سرکاری کاغذ کا پہلا با ضابطہ واسطہ کلرک ہی سے پڑتا ہے اور وہ اس کو ڈائری کر کے سرکاری دستاویز کی حیثیت دے دیتا ہے سرکاری کاغذ کے دو تقاضے ہوتے ہیں کہ اسے غور سے پڑھا جائے اور اسے فائل کا روپ دے کر ضروری کاروائی کی فراغت کے بعد ریکارڈ کا حصہ بنا کر محفوظ کر لیا جائے یہ دونوں اہم ذمہ داریاں کلرک کے فرائض منصبی میں شامل ہیں ،یعنی وہ صیح معنوں میں سرکاری دستاویز ات کا امین کہلاتا ہے۔

 Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

قیام پاکستان سے لے کر آج تک کلرک ہمیشہ محرومی کا شکار نظر آیا ہے اسے جسم اور روح کا رشتہ برقرار رکھنے کیلئے ہمیشہ بے شمار پاپڑ بیلنے پڑے ہیں حکومت پنجاب نے نہ صرف اس حقیقت کو کھلے دل سے تسلیم کیا بلکہ عملی طور پر وزیر اعلی پنجاب کی منظورکی گئی سمری جس کا بعد ازں محکمہ خزانہ پنجاب نے نوٹئفکیشن جاری کر دیا ہے کے مطابق جونیئر کلرک کو گریڈ 7سے گریڈ11،سیئنر کلرک کو گریڈ 9سے گریڈ14اسسٹنٹ کو گریڈ 14سے گریڈ 16اور سپرنئنڈنٹ کو گریڈ 16سے ریگولر گریڈ17سے نوازا گیا ہے وہاں ساتھ ہی ٹیکنیکل کیڈر کے گریڈ 5 تا 16 کے تمام سرکاری ملازمین کو بھی ہر دس سال بعد اگلے سکیل میں ٹائم سکیل پر موشن دے دی گئی ہے۔ اور اس کا اطلاق یکم جنوری 2016سے کیا گیا ہے ۔اس تاریخی فیصلے سے نہ صرف کلیریکل کیڈر کی سروس پر کشش ہو جائے گی بلکہ اعلی تعلیم یافتہ ذہین نوجوانوں کا رجحان بھی اس کی جانب بڑھے گا جس سے حکومتی کارکردگی میں اضافہ ہونے کے ساتھ ساتھ دفتری ماحول میں بھی خوشگوار تبدیلی آئے گی اور حکومتی گڈ گورنس کے وژن کو بھی تقویت ملے گی۔

کلیریکل کیڈر کی اپ گریڈیشن کی منظوری خادم پنجاب کی جانب سے سرکاری ملازمین کیلئے خوبصورت میگا پراجیکٹ کی تکمیل ہے جس سے ہر ملازم کی تنخواہ میں نہ صرف اضافہ ہو گا بلکہ عہدہ بھی بڑھے گا اپ گریڈیشن ہر سرکاری ملازم کو بلا تفریق دو فائدے ضرور دیتی ہے پہلے نمبر پر اپ گریڈیشن اچھا سٹیٹس دیتی ہے جو معاشرے میں اس کی عزت اور وقار کا باعث بنتا ہے جبکہ دوسرے نمبر پر اسے اچھی بنیادی تنخواہ فراہم کرتی ہے جو بعد از ریٹائر منٹ پنشن کی صورت میں بقیہ ماندہ زندگی آبرو مندانہ طریقے سے گذارنے میں سہولت فراہم کرتی ہے۔

اس انمول حکومتی تحفے سے اسے حقیقی خوشی میسر آئے گی اور جب وہ اس خوشی کا اظہار اپنے بیوی بچوں اور اپنے اہل و عیال کے درمیان بیٹھ کر کرے گا تو بچے پوچھیں گے کہ پاپا یہ خوشی کس بات پر منائی جا رہی ہے تو جواب آئے گا آپ کے پاپا کو خادم پنجاب نے اپ گریڈ کر دیا ہے اس سے آپ کے پاپا کا معاشرے میں مقام بلند ہو اہے تنخواہ بڑھی ہے جس سے آپ کی تعلیم اور صحت کے حصول میں بہتری کے امکانات پیدا ہونگے آپکی یہ دونوں ضروریات اب زیادہ بہتر طریقے سے پوری ہونگی ،اس خوشی پر نہ ہوائی فائرنگ ہو گی نہ آتش بازی اور نہ چراغاں بلکہ پورے پنجاب بھر میں پر کیف جشن کا سماں ہے۔

Allah

Allah

اللہ تعالی کے حضور شکرانے کے نفل ادا کئے جارہے ہیں مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے یہ خوشی براہ راست روح میں اتر تی جارہی ہے اور صیح معنوں میں یہی حقیقی خوشی ہے یہ ساری خوشگوار فضا خادم پنجاب کے ایک عظیم اور تاریخی فیصلے کے مرہون منت ہے ۔ موجودہ حکومت نے سات عشرے قبل بنائے گئے انگریز سرکار کے لارڈ ماونٹ بیٹن پے سکیلز تبدیل کر کے نئی تاریخ رقم کر دی ہے اور کلرک کے سکیل کو اکائی ہندسے سے دوہرے ہندسے میں جانے کا شرف بھی حاصل ہو گیا ہے اعلی پائے کے منتظم اور درد دل رکھنے والے عوامی وزیر اعلی کے اس تاریخی اقدام نے ایک بار پھر ان کی صلاحتیوں کا لوہا منوالیا ہے اور دس لاکھ ملازمین اور ان کے اہل خانہ کے دل جیت لئیے ہیں اور ان کو اپنا ہمنوا بنا لیا ہے جبکہ ناعاقبت اندیشوں کی طرف سے ملازمین مخالف ہونے کا تاثر بھی زائل کر کے بے بنیاد پر اپیگنڈے کو ہوا میں اڑا دیا ہے۔

ایک حدیث نبویۖ کا مفہوم ہے کہ اللہ انسان سے اس وقت سب سے زیادہ خوش ہو تا ہے جب وہ اپنی ودیعت کی گئی حاکم اعلی کی صفت کسی بندے کو عطا کرتا ہے اور وہ بندہ صاحب اختیار بن جاتا ہے اور اس کے اس اختیار سے جب دوسرے انسان کو فایدہ پہنچتا ہے اور وہ انسان خوش ہو جاتا ہے تو اللہ تعالی اس وقت اپنے بندے سے بہت زیادہ خوش ہوتا ہے۔اپ گریڈیشن کے اس عظیم تاریخی فیصلے سے لاکھوں انسانوں کو فائدہ پہنچا ہے۔

ان کے دل خوش ہوئے ہیں اور بے اختیار ان کی زبانوں سے شکریہ کلمات ادا ہو رہے ہیں اور وہ اپنے حکمرانوں کو دعائیں دے رہے ہیں مگر شکر کی اس گھڑی میں ملازمین بھی پختہ عہد کریں کہ وہ اپنی کارکردگی میں مزید اضافہ کرتے ہوئے حکومتی گڈ گورنس کے وژن میں اپنا بھر پور حصہ ڈالیں گے اور عالمی سطح پر قابل اعتراف صلاحتیوں کے مالک وزیر اعلی کے شانہ بشانہ محنت سے کام کر کے صوبے کو عظیم سے عظیم تر بنائیں گے۔وزیر اعلی پنجاب اور ان کی پوری ٹیم کا یہ ناقابل فراموش کارنامہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا اور بالخصوص چیف سیکرٹری پنجاب خضر حیات گوندل جنہوں نے ملازمین اور وزیر اعلی پنجاب کے درمیان پُل کر کردار ادا کرتے ہوئے اپنے حصے کا پورا کریڈٹ اپنے نام کیا ہے۔

Chaudhry Ghulam Ghaus

Chaudhry Ghulam Ghaus

تحریر : چوہدری غلام غوث جنرل سیکرٹری (PCSEA )