روزگار نہ ہونے کی وجہ سے پڑھے لکھے اور ہنر مند افراد دوسرے ممالک کا رخ کر رہے ہیں۔ ایم اے تبسم

MA Tabassum

MA Tabassum

لاہور : کالمسٹ کونسل آف پاکستان (سی سی پی) کے مرکزی صدر ایم اے تبسم نے کہا ہے کہ دنیا کے ہر مہذب اور ترقی یافتہ ملک میں عوام کو تعلیم، صحت، پینے کا صاف پانی اور ضروریات زندگی کی دیگر سہولتیں بلاتعطل فراہم کی جاتی ہیں مگر بدقسمتی سے پاکستان میں حکمرانوں کی جانب سے ان سہولیات کی فراہمی تو درکنار عوامی مسائل میں دن بدن اضافہ کیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار وہ گزشتہ روز ایک تقریب میں شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کررہے تھے، ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کے غلط فیصلوں کی وجہ سے ملک لوڈشیڈنگ، معاشی تنزلی، مہنگائی، بیروزگاری، کرپشن، دہشتگردی اوردیگربحرانوں کاشکارہوچکا ہے۔مہنگائی،بے روزگاری اور دیگر مسائل نے غریب اور عام آدمی کاچین وسکون چھین لیا ہے۔

ایم اے تبسم نے کہاکہ قوم قرضوں کے بوجھ تلے دبی چلی جارہی ہے جبکہ حکمرانوں کی کرپشن اور عیاشیاں ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہیں۔انہوں نے کہاکہ روزگار نہ ہونے کی وجہ سے پڑھے لکھے اور ہنرمندافراد دوسرے ممالک کا رخ کررہے ہیں۔ ہرسال ہزاروں افراد بیرون ملک جارہے ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت لوگوں کوروزگار کے مواقع فراہم کرے تاکہ پڑھے لکھے اور ہنر مندافراد کی صلاحیتوں سے بھرپور انداز میں استفادہ کیا جاسکے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نازک دور سے گزررہا ہے۔آئے روزنئے بحران جنم لے رہے ہیں۔ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت عوامی مسائل کو پس پشت ڈال دیا گیا ہے۔ملک میں کرپٹ عناصر کا احتساب ناگزیر ہوچکا ہے۔جب تک کرپٹ لوگوں کا احتساب نہیں ہوگا ہم نہ ہی ترقی کر سکتے ہیں اور نہ ہی پاکستانی عوام کو خوشحال بنا سکتے ہیں۔