وزیر بلدیات نے کے ڈی اے افسران و ملازمین کی عید سے پہلے تنخواہوں کی یقین دہانی کرادی

Karachi News

Karachi News

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات نے کے ڈی اے کے 6 ہزار افسران و ملازمین کی عید سے پہلے تنخواہوں کی ادائیگی کی یقین دہانی کرادی ۔کے ڈی اے کے افسران و ملازمین تاحال مئی کی تنخواہوں سے محروم ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کے ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکریٹری اشفاق چشتی کی قیادت میں 7 رکنی وفد نے وزیر بلدیات جام خان شورو اور سیکریٹری بلدیات سے ملاقات کی اور کے ڈی اے کے 16 سال بعد بحالی کے بعد تنخواہوں اور بجٹ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر بلدیات جام خان شورو نے کے ڈی اے مزدور یونین کے وفد کو یقین دلا یا کہ عید سے پہلے مئی کی تنخواہ کے ساتھ ساتھ جون کی تنخواہوں کی ادائیگی کو بھی یقینی بنایا جائیگا۔

اس موقع پر سیکریٹری جنرل کے ڈی اے مزدور یونین اشفاق چشتی نے وزیر بلدیات اور سیکریٹری بلدیات کو کے ایم سی کی طرف سے 2کروڑ کی رقم روک لینے سے پیدا ہونے والے مسائل سے آگاہ کیا سیکریٹری جنرل مزدور یونین اشفاق چشتی نے بتا یا کہ مالی سال 2016ء تا 2017ء کا کے ڈی اے ،کے ایم سی کا بجٹ مشترکہ پیش ہوگا کیونکہ کے ڈی اے ایڈمنسٹریشن کو مکمل ہونے میں ابھی وقت لگے گا لہذا بعد میں بجٹ الگ کردیا جائیگا۔