دشمن نے جارحیت کی تو ناقابل برداشت قیمت ادا کریگا : آرمی چیف

Raheel Sharif

Raheel Sharif

راولپنڈی (جیوڈیسک) آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں یوم دفاع کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاک فوج کا دنیا بھر میں کوئی ثانی نہیں ہے۔ جان قربان کرنے والے شہداء اور غازیوں کوسلام پیش کرتا ہوں۔

مجھے اس بات پر فخر ہے کہ میں دنیا کی بہترین فوج کا سربراہ ہوں۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی قسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ دشمن نے جارحیت کی کوشش کی تو اسے ناقابل برداشت قیمت چکانا پڑے گی۔ سرد جنگ ہو یا گرم، پاک فوج ہر دم تیار ہے۔ میں آج اس عزم کو دہراتا ہوں کہ ہم اپنے شہیدوں کا لہو کبھی رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

تقریب سے خطاب میں پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس ظلم اور بربریت کی انتہاء تھی۔ اے پی ایس کے طلبہ نے قوم کو نیا جذبہ اور ولولہ دیا۔ اللہ کے فضل اور قوم کی دعاؤں سے سیکیورٹی اداروں نے صورتحال پر قابو پا لیا ہے۔

سانحہ پشاور کے زیادہ تر دہشت گرد اپنے انجام کو پہنچ چکے ہیں۔ دہشت گردوں کا اصل چہرہ سامنے لانے پر میڈیا کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ دہشت گردوں کے فنانسرز، سہولت کار اور مددگاروں کو کیفر کردارتک پہنچا کر دم لیں گے۔ کراچی اور بلوچستان میں امن قائم کرنے میں بہت حد تک کامیابی ملی ہے۔ ریاست کی بالادستی قائم ہو گئی ہے۔