توانائی بحران کا خاتمہ مسلم لیگ (ن) کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ حافظ طاہر جمیل

Energy Crisis

Energy Crisis

فیصل آباد : پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی رہنما و صدر انجمن تاجران منٹگمری بازار حافظ طاہر جمیل میاں نے کہا ہے کہ توانائی بحران کا خاتمہ مسلم لیگ (ن) کی اولین ترجیحات میں شامل ہے’ حکومت جتنے بجلی بنانے کے کارخانے لگا رہی ہے ان کی تکمیل کے بعد پاکستان دوسرے ممالک کو بھی بجلی فروخت کرسکے گا اگر اتفاق رائے سے کالاباغ ڈیم تعمیر کر لیا جائے تو بہت زیادہ تعداد میں بجلی پاکستان کو میسر ہوگی جس کے بعد لوڈشیڈنگ کا لفظ ہی متروک ہو جائے گا اورعوام اسے ایک خواب سمجھ کر بھول جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہر ترقی یافتہ ملک میں میٹرو بس اور اورنج ٹرین موجود ہے’ اگر وزیراعظم میاں نوازشریف پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرنا چاہتے ہیں تو مخالفین کو اس کی تکلیف نہیں ہونی چاہیے ‘ اورنج ٹرین جیسے میگا پراجیکٹ کی تعمیر کے بعد لاہور جیسے بڑے شہر میںمسائل کا خاتمہ ہوگا اور ٹریفک کی روانی بہتر ہو جائے گی جبکہ وہ لوگ جو ویگنوں میں دھکے کھاتے تھے انہیںسستی اور معیاری سفری سہولیات ملنا شروع ہو جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ میٹروبس منصوبہ لاہور اور اسلام آباد کے بعد اب ملتان میں بھی مکمل ہونے کو ہے جس کے بعد فیصل آباد کی باری آجائے گی بعدازاں پشاور کراچی اوردیگر بڑے شہروں میں بھی یہ سلسلہ شروع ہوگا لہٰذا اس اہم منصوبے کی مخالفت کرنیوالے دراصل ترقی کے دشمن ہیں جنہیں عوام مسترد کر دیں گے۔