انجینئرڈ الیکشن اور کنٹرولڈ ڈیموکریسی عوام کو ہر گز قبول نہیں: پرویز رشید

Pervez Rashid

Pervez Rashid

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما پرویز رشید نے کہا ہے کہ پاکستان میں انجینئرڈ جمہوریت لانے کی سازش کی جا رہی ہے ، جس نے آئین کے ساتھ کھلواڑ کیا وہ وہیں پہنچا جہاں توڑنے والے بیٹھے ہیں۔

پرویز رشید نے کہا انجینئرڈ الیکشن اور کنٹرولڈ ڈیموکریسی عوام کو ہرگز قبول نہیں ، پاکستان کے عوام نے بار بار نواز شریف پر اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا پاکستانی عوام جمہوریت کی حفاظت نواز شریف کی قیادت میں کر رہے ہیں۔

آئندہ انتخابات میں عوام شیر پر مہر لگا کر جواب دیں۔ ان کا کہنا تھا فیصلوں پر عمل کیا جاتا ہے، تسلیم کرنا نہ کرنا عوام کی صوابدید ہے، عوام نے نواز شریف کیخلاف کسی بھی فیصلے کو تسلیم نہیں کیا ، پارٹی کی قیادت وہی سنبھالے گا جسے نواز شریف اس قابل سمجھیں گے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر نے کہا ہے کہ یہ جذباتی فیصلے ہیں، اس طرح کے فیصلے مشرف دور میں بھی ہوتے رہے، نواز شریف اکاؤنٹی بلٹی بیورو بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا 22 کروڑ عوام سمجھ گئے ہیں اس ملک کا نجات دہندہ نواز شریف ہے، ہم ریاست کے لیے دعا گو ہیں ، اللہ خیر کرے گا۔ ان کا کہنا تھا نواز شریف کی وزارت بھی چھنتی رہی اور وہ جلا وطن بھی ہوتے رہے، نواز شریف کو ہائی جیکر بنا کر اٹک قلعے میں بھی بند کیا گیا۔

وزیرمملکت طلال چوہدری کا کہنا تھا عدلیہ سے گلہ کرنے کی بجائے پارلیمنٹ کو سوچنا چاہیے، نواز شریف پہلے خود دستخط کیا کرتے تھے اب کسی کی ڈیوٹی لگا دیں گے۔ انہوں نے کہا صدارت اور وزارت نوازشریف کا مسئلہ نہیں بلکہ عام آدمی کو انصاف کی فراہمی اور ملک میں 70 سال سے چلنے والے فرسودہ سسٹم کا خاتمہ ہے۔

لیگی رہنما نے کہا اب تمام نظریں پارلیمنٹ کی طرف ہیں وہی فیصلہ کرے گی کہ بنیادی حقوق کیا ہیں اور فرائض کیا ہیں، ایسے تمام فیصلے اور شقیں 2018 میں ووٹ کی طاقت سے واپس کر دیں گے۔