انگلینڈ نے مہمان سری لنکا کو چوتھے ایک روزہ میچ میں شکست دے دی

England vs Sri Lanka

England vs Sri Lanka

لندن (جیوڈیسک) انگلینڈ نے چوتھے ایک روزہ میچ میں مہمان سری لنکا کو ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت دلچسپ مقابلے کے بعد 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

لندن کے کینگٹن اوول گراؤنڈ میں کھیلا گیا میچ بارش سے متاثر رہا جس کے بعد اسے 42 اوورز تک محدود کردیا گیا۔ سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 42 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 305 رنز بنائے جس کے جواب میں انگلینڈ کو ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 308 رنز بنانا تھے جب کہ میزبان ٹیم کے اوپننگ بلے باز جیسن رائے کے 162 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت انگلینڈ نے ہدف 40.1 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ نے اننگز کا آغاز کیا تو معین علی 2 رنز بنانے کے بعد ہی پویلین لوٹ گئے جس کے بعد جیسن رائے اور جوائے روٹ نے انتہائی ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری وکٹ پر 149 رنز کی شراکت قائم کی تو 167 کے مجموعے پر روٹ 65 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے جب کہ کپتان این مورگن 22 رنز بناسکے۔ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پانے والے جیس رائے نے 118 گیندوں 13 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 162 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ جونی بریسٹو 29 اورجوز بٹلر 17 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ سری لنکا کی جانب سے نوائن پرادیپ نے 2، سرنگا لکمل اور دنشکا گناتھیلاکا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

5 میچز پر مشتمل سیریز میں انگلینڈ کو 0-2 کی برتری حاصل ہے جب کہ ایک میچ برابر رہا جب کہ دوسرا میچ کا کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا۔