انگلینڈ نے سری لنکا کو شکست دیکر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی

England vs Sri Lanka

England vs Sri Lanka

دہلی (جیوڈیسک) ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کا آغاز اچھا نہ رہا ابتدائی اوورز ہی میں نقصان اٹھانے پڑے دلشان دو اور چندیمل ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

تیسرے اوور میں سریوردھنے سات رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور اسی اوور کی آخری گیند پر تھریمانے تین رن بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔ 13 ویں اوور میں چمارا نے پلنکٹ کی گیند پر اونچی شاٹ کھیلی اور کیچ آؤٹ ہوئے اور وہ 27 گیندوں میں 30 رنز بنا سکے۔ انھوں نے میتھیوز کے ساتھ مل کر پانچویں وکٹ کی شراکت میں 10 اوورز میں 80 رنز سکور کیے۔

پریرا 17 ویں اوور میں کیچ آؤٹ ہوئے۔ انھوں نے 11 گیندوں میں 20 رنز سکور کیے۔ 19 ویں اوور میں شناکا آؤٹ ہوئے جو 15 رنز بنا سکے۔ 19 ویں اوور کی آخری گیند پر ہیراتھ یارکر پر شاٹ مارنے کی کوشش میں بولڈ ہوئے۔ سری لنکا کے کپتان اینجلو میتھیوز کی 73رنز کی اننگز بھی فتح نہیں دلوا سکی۔

اس سے قبل انگلش ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو چار کے مجموعی اسکور پر وکٹ گنوانا پڑی لیکن پھر جیسن رائے نے کمان سنبھالی اور بیالس رنز کی اننگز ٹکائی۔ جوز بٹلر نے بھی جارحانہ انداز اپنایا سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ففٹی بنا کر بلا لہرایا یوں انگلینڈ نے مقررہ بیس اوورز میں 4 وکٹ پر 171رنز بنائے۔ سری لنکن کھلاڑی جیفری نے دو جبکہ رنگنا ہیراتھ نے ایک وکٹ حاصل کی۔