دورہ انگلینڈ؛ کمزور ٹاپ آرڈر پر کپتان اور چیف سلیکٹر فکر مند

Inzamam ul Haq

Inzamam ul Haq

لاہور (جیوڈیسک) دورہ انگلینڈ کیلیے کمزور ٹاپ آرڈر پر کپتان اور چیف سلیکٹر فکرمند ہیں، احمد شہزاد ڈراپ، محمد حفیظ فٹنس کی بحالی کیلیے کوشاں ہیں۔

تفصیلات کے مطابق مسلسل ڈسپلن کی خلاف ورزیوں پر دورئہ انگلینڈ کیلیے 35ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست سے عمر اکمل کیساتھ احمد شہزاد کو بھی باہر کردیا گیا تھا۔ محمد حفیظ، حارث سہیل، عماد وسیم، راحت علی فٹنس مسائل ختم ہونے کی شرط پر شامل کیے گئے، ان میں سے راحت علی فٹ ہو کر پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کیمپ میں شامل ہو گئے تو ذوالفقار بابر اور یاسر شاہ کی انجریز سامنے آ گئیں۔

انگلینڈ میں پاکستان کی ٹاپ آرڈر ہمیشہ جدوجہد کرتی نظر آئی ہے جس کی وجہ سے مڈل آرڈر کو بھی مسائل رہے، حال ہی میں مہمان سری لنکن ٹیم بھی پہلے ٹیسٹ میں فالوآن کے بعد اننگز کی شکست سے دوچار ہوئی، متوقع چیلنجز اور پاکستانی کیمپ میں موجود ممکنہ کھلاڑیوں کو دیکھتے ہوئے ٹیسٹ کپتان مصباح الحق اور چیف سلیکٹرز ٹاپ آرڈرکومستحکم بنانے کیلیے فکر مند ہیں، ممکنہ کھلاڑیوں میں اوپنرز محمد حفیظ، افتخار احمد، اظہر علی،خرم منظور، شان مسعود ،سمیع اسلم اور شرجیل خان کو منتخب کیا گیا ہے۔

ان میں سے اظہرعلی کو تیسرے نمبر پر بیٹنگ کیلیے زیادہ موزوں سمجھا جارہا ہے، محمد حفیظ فٹنس مسائل پر قابو پانے کیلیے کوشاں ہیں، ان حالات میں مصباح الحق نے افتخار احمد کو تیسرے اوپنر کے طور پر انگلینڈ کیلیے اسکواڈ میں شامل کرنے کی تجویز دیدی ہے، چیف سلیکٹر انضمام الحق کاکول اکیڈمی میں جاری بوٹ کیمپ کا دورہ کرکے لاہور واپس آگئے ہیں، اس دوران انھوں نے کھلاڑیوں کی فٹنس کا جائزہ لینے کیساتھ مصباح الحق سے ممکنہ اسکواڈ کے حوالے مشاورت بھی مکمل کرلی، قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان نے فٹنس بحال ہونے کی امید کیساتھ محمد حفیظ کو بطور اوپنر ٹیم میں شامل کرنے کیساتھ شان مسعود اور خرم منظورمیں سے کسی ایک کو موقع دینے کی سفارش کی، ٹاپ آرڈر کو استحکام دینے کیلیے تیسرے اوپنر کے طورپر افتخار احمد کو بھی انگلینڈ روانگی کا پروانہ جاری کرنے کی درخواست کی ہے۔

ان کی طرف سے ایک حیران کن تجویز احسان عادل کو شامل کرنے کی بھی ہے،اس وقت کاکول کیمپ میں فاسٹ بولرز محمد عامر، وہاب ریاض، راحت علی، عمران خان، سہیل خان، جنید خان اور حسن علی شریک ہیں، ذرائع کے مطابق مصباح الحق کی رائے ہے کہ انگلینڈ کی سیمنگ کنڈیشنز میں احسان عادل موثر ثابت ہوسکتے ہیں،کسی ٹاپ پیسر کی انجری کی صورت میں بھی ایک اچھا بیک اپ بولر موجود ہوگا،ذرائع کے مطابق پیر کو چیف سلیکٹر انضمام الحق کی ساتھی ارکان سے غیر رسمی بات چیت میں اسکواڈ کے انتخاب پر غور کیا جائے گا۔

ابتدائی فہرست کی تیاری کے بعد مہارت بہتر بنانے کیلیے لاہور میں لگائے جانے والے تربیتی کیمپ میں بھی پرفارمنس کا جائزہ لیا جائے گا، اس دوران ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی بھی پاکستان آمد متوقع ہے، باہمی مشاورت اور مختلف تجاویز پربات چیت کے بعد چیف سلیکٹر انضمام الحق منتخب کرکٹرز کے ناموں کا اعلان کریں گے۔ دوسری جانب کھلاڑیوں کے معاہدوں کیلیے سلیکشن کمیٹی تو کافی ہوم ورک کرچکی ہے، تاہم سینٹرل کنٹریکٹ کمیٹی نامکمل ہونے کی وجہ سے پیش رفت نہیں ہورہی، متوقع ڈائریکٹرکرکٹ اکیڈمیزمدثر نذراور ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد جون کے پہلے ہفتے میں کمیٹی کی میٹنگ ہوگی جس میں بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان بھی موجود ہونگے، یاد رہے کہ قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ 30جون کو ختم ہورہے ہیں۔