انگلش خواتین نے کرکٹ ورلڈ کپ جیت لیا

Women's World Cup

Women’s World Cup

لندن (جیوڈیسک) لارڈز کے میدان میں کھیلے گئے ویمن ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں انگلینڈ نے انڈین ٹیم کو شکست دے کر چوتھی مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔

انگلش ٹیم کی کپتان ہیتھر نائٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور انڈین ٹیم کو جیت کیلئے 229 رنز کا ہدف دیا۔

انگلینڈ کی جانب سے نتھالی سکائیور نے سب سے عمدہ پرفارمنس دی اور 51 رنز کی اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں سارہ ٹیلر 45، کیتھرین برنٹ 34 اور جینی گن 25 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔

بھارت کی جانب سے گولہن گوسوامی کامیاب باؤلر رہیں جنہوں نے صرف 23 رنز دے کر 3 انگلش کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پونم پانڈے دو جبکہ راجیشوری گایاکوڈ کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

229 رنز کے تعاقب میں پونم راوت اور سمرتی مندھانا میدان میں اتریں، تاہم انگلش ٹیم نے جلد وکٹ حاصل کر کے انڈین ٹیم پر پریشر ڈال دیا۔ مسرتی مندھانا بغیر کوئی رن بنائے واپس لوٹیں۔

اس کے بعد انڈین کھلاڑیوں نے ذمہ داری سے بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کے سکور کو آگے بڑھایا۔ انڈین ٹیم کی جانب سے پونم راوت 86، ہرمن پریت کور 51 اور ودا کرشنا مورتی 35 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہیں۔ تاہم ان کے علاوہ کوئی اور کرکٹر اچھی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہیں۔ یوں انگلش ٹیم نے اڑھتالیس اعشاریہ چار اوورز میں انڈین ٹیم کو صرف 219 رنز بنانے کا موقع دیا۔

انگلش ٹیم کی جانب سے انایا کامیاب گیند باز رہیں جنہوں نے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ایلکس کے حصے میں دو وکٹیں آئیں۔