ممنون اردوان ملاقات: دہشتگردی، افغانستان اور روہنگیا مسلمانوں کے مسائل پر گفتگو

Meeting

Meeting

آستانہ (جیوڈیسک) صدر ممنون حسین اور ان کے ترک ہم منصب رجب طیب اردوان کی ملاقات قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں ہوئی۔ اس موقع پر ترک کابینہ کے اہم وزراء بھی موجود تھے۔

ترک صدر طیب اردوان نے خطے میں استحکام کے لئے پاکستان کی قربانیوں کی تعریف کی اور پاکستان کی حمایت کا مکمل اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف پاکستانی حکومت اور عوام کی خدمات تاریخی ہیں۔

صدر ممنون نے کہا کہ پاکستان کو ترکی کی دوستی پر فخر ہے اور یہ دوستی آزمائش کے ہر معیار پر پوری اتری ہے۔

دونوں رہنماؤں نے ہر طرح کی دہشتگردی کے خلاف مربوط کارروائیوں کی حمایت کی اور افغانستان کے مسئلے پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں روہنگیا مسلمانوں کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ روہنگیا مسلمانوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے دنیا کے ہر فورم پر آواز اٹھائی جانی چاہئے۔