ایردوان۔ پوٹن ملاقات، دونوں ملکوں کے اقتصادی تعلقات مِں تیزی کی توقع

Recep Tayyip Erdogan

Recep Tayyip Erdogan

ترکی (جیوڈیسک) ترکی اور روس کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے کے لئے شروع کئے گئے عمل کے سلسلے میں صدر رجب طیب ایردوان اور صدر ولادی میر پوٹن کے درمیان 9 اگست کو سینٹ پیٹرز برگ میں متوقع ملاقات کے ساتھ دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعلقات میں دوبارہ سے تیزی آنے کی توقع کی جا رہی ہے۔

روس کے لئے برآمدات کرنے والے سیکٹروں کے نمائندوں کو توقع ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کے معمول پر آنے سے چمڑے اور چمڑے کی مصنوعات، تازہ پھل اور سبزیوں، کیمیائی مادوں اور مصنوعات، مشینوں اور سپئیر پارٹس، ٹیکسٹائل اور اس کے خام مادوں، ریڈی میڈ ملبوسات اور آٹو موبیل، بجلی اور خدمات کے شعبوں کی برآمدات میں تیزی آئے گی۔

ترکی۔روس ٹریڈ کونسل کے سربراہ تُنجائے اوزلے خان نے کہا ہے کہ ایردوان ۔پوٹن ملاقات دو طرفہ تعلقات کے لئے نہایت اچھی ابتدا ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ “ہم ماضی کو بھول کر مستقبل کی طرف دیکھ رہے ہیں اور میں امید کرتا ہوں کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی حجم کو 100 بلین ڈالر تک پہنچانے کے ہدف کے لئے اس متوقع ملاقات میں اہم فیصلے کئے جائیں گے۔