یورپ میں مقیم کشمیری و پاکستانی نوجوان یورپین نوجوانوں کو قضیہ کشمیر سے آگاہ کریں، وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان

AJK PM Raja Farooq Haider - Youth Gathering

AJK PM Raja Farooq Haider – Youth Gathering

برسلز (پ۔ر) وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ یورپ میں رہنے والے کشمیری اور پاکستانی نوجوان قضیہ کشمیر کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ نوجوانوں خصوصاً طلباء کو چاہیے کہ یورپ کے نوجوانوں، دانشوروں، سیاستدانوں اوراراکین پارلیمنٹ کو تنازعہ کشمیرکی حقیقت سے آگاہ کریں۔

وہ بلجیم کے دارالحکومت برسلز میں طلباء اور نوجوانوں کے اجتماع خطاب کررہے تھے۔ اس عشائیہ تقریب کا اہتمام برطانیہ میں مقیم ممتازکشمیری سماجی و کاروباری شخصیت طارق بٹ نے ایک مقامی ریسٹورنٹ میں کیاجبکہ نظامت کے فرائض پاکستان پریس کلب بلجیم چوہدری عمران ثاقب نے انجام دیئے۔ تقریب سے ممتاز کشمیری رہنما سردار صدیق نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے دوران سینئر وزیرآزادکشمیر چوہدری طارق فاروق، چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید، ایم ای پی واجد خان، برسلز پارلیمنٹ کے رکن ڈاکٹر ظہورمنظور، ایم ایل اے راجہ جاوید اقبال، مقامی لیڈی کونسلر شازیہ منظور اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔

وزیرآزادکشمیرنے سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر کشمیرکاز کو آگے بڑھانے پر زور دیا۔ انھوں نے اپنی مثال دیتے ہوئے کہاکہ میں ایک کشمیری کی حیثیت سے یورپ آیا ہوں تاک پارٹی تفریق سے ہٹ کر کشمیرپر بات کرسکوں۔ میں اپنی پارٹی وابستگی کو اسلام آباد چھوڑ آیا ہوں۔

ہمیں باہر آکر کشمیرکے حوالے سے بات کرنی چاہیے۔ میری دیگر کشمیری رہنماووں سے بھی گزارش ہے کہ جب بھی وہ باہر آئیں، اپنی سیاسی وابستگی کو وہاں چھوڑ کر یہاں آئیں۔ راجہ فاروق حیدر نے میڈیا سے وابستہ افراد سے بھی درخواست کی کشمیرکے مسئلے کو اٹھائیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر بھی زور دیا کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرے اور انسانی اقدار کو ہرگز فراموش نہ کرے۔

وزیراعظم راجہ فاروق حیدر اور سینئروزیرچوہدری طارق فاروق کشمیرکونسل ای یو کے زیراہتمام یورپی پارلیمنٹ میں جاری کشمیر۔ ای یو ویک کے حوالے سے یورپ کے دورے پر ہیں۔ پارلیمنٹ میں کشمیرای یو ویک کی میزبانی کی فرائض رکن ای پارلیمنٹ سجاد کریم انجام دے رہے ہیں۔

کشمیرکاز کے بارے میں وزیراعظم آزادکشمیر نے مزید کہاکہ ہمیں اپنے قومی مفادات پر کبھی کمزوری نہیں دکھانی چاہیے۔ ہمیں اپنے اصولوں پر ڈٹ جانا چاہیے۔ انھوں نے نوجوانوں سے ایک بار پھر کہاکہ آپ لوگ یورپ کے ہرطبقے سے ملیں،خاص طور پر یورپی نوجوانوں، دانشوروں، سیاستدانوں اور اراکین پارلیمنٹ سے ملیں۔ انھوں نے زور دے کر کہاکہ کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی مسئلہ کشمیر کے حوالے سے یورپ کے اہم حلقوں میں موثر کردار ادا کرسکتی ہے۔

تقریب کے میزبان سماجی و کاروباری شخصیت طارق بٹ نے شرکا کا شکریہ ادا کیا۔ خاص طورپر انھوں نے وزیراعظم آزاد کشمیر، چیئرمین کشمیرکونسل ای یو اور چند اہم شخصیات کا نام کر اظہار تشکر کیا۔ انھوں نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر اور چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید کی جدوجہد کو سراہا۔ انھوں نے کہاکہ آزادکشمیرمیں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بھی راجہ فاروق حیدر کی کاوشیں قابل قدر ہیں۔

اس موقع پر ممتاز کشمیری رہنما سردارصدیق نے کہاکہ مسئلہ کشمیر صرف کشمیریوں کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ سب انسانوں کا مسئلہ ہے، یہ پوری انسانیت کا مسئلہ ہے۔ انھوں نے کہاکہ علی رضا سید کی قیادت میں کشمیرکونسل ای یو کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔ انھوں نے دیگر معزز مہمانوں کا بھی نام لے کر ذکر کیا۔ تقریب کے دوران بعض نوجوان طلبہ نے وزیراعظم آزادکشمیرسے سوالات پوچھے۔ ایک گروپ نے پاکستان کے حوالے سے ملی نغمے بھی پیش کئے۔